اسلام آباد۔22دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے بدھ کو یہاں وزارت اطلاعات و نشریات، پاکستان ٹیلی ویژن اور پاکستان آرٹس کونسل کے مابین نیشنل ایوارڈز کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخطوں کی تقریب کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلم ، ڈرامہ اور موسیقی کے نیشنل ایوارڈز دوبارہ شروع کر رہے ہیں۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ماضی میں پاکستان کا بیانیہ پیش کرنے کے ذرائع کو کمزور کیا گیا، فلم، ڈرامہ اور موسیقی کے شعبے عدم توجہی کا شکار رہے، 60ءکی دہائی میں ہم دنیا کے تیسرے بڑے فلم میکر تھے جبکہ سینما گھروں کے اعتبار سے بھی پاکستان دنیا میں تیسرے یا چوتھے نمبر پر تھا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ سال فلم، میوزک اور ٹیلی ویژن ایوارڈ کے ذریعے معروف موسیقاروں، آرٹسٹوں اور فلموں کے لئے 22 ایوارڈز دیئے جائیں گے، تقریباً 25 کروڑ روپے سے زائد کی رقم ان ایوارڈز کے ذریعے موسیقاروں، فن کاروں اور فلم میکرز کو دی جائے گی۔











