فیصل آباد ۔16دسمبر (اے پی پی):آرمی پبلک سکول پشاور کے 16 دسمبر 2014بروز منگل کے قومی سانحہ کے132 معصوم شہداء اور 9اساتذہ و سٹاف ممبران کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت اوران کی عظمت کو سلام پیش کرنے کیلئے ساتویں برسی کاجمعرات کوانتہائی عقیدت و احترام سےانعقادکیاگیا۔اس سلسلہ میں مرکزی دعائیہ تقریب گورنمنٹ ایم سی ہائر سیکنڈری سکول علامہ اقبال روڈ فیصل آبادمیں منعقد کی گئی جس کی صدارت ادارہ ہذا کے پرنسپل راؤ محمد اقبال نے کی جبکہ اس موقع پر ماہرین تعلیم، اساتذہ اور طلبا کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ دعائیہ تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہدانہ صرف ہمارے بلکہ پوری قوم کے ہیرو ہیں جن کی لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی اور مذکورہ واقعہ نے جس طرح پاکستانی قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے میں مدد دی اس کی بھی تاریخ میں مثال نہیں ملتی نیز آپریشن ضرب عضب و رد الفساد سمیت دہشت گردوں کے خاتمہ کی جدوجہد اور وطن عزیز کی پاک سرزمین کو انتہا پسندوں کے ناپاک وجود سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کرنے کا عمل بھی سانحہ آرمی پبلک سکول کے بعد ہی ممکن ہوسکااسلئے قوم کے ان فرزندان کی شہادت پر جتنا فخر اور انہیں جتنا سلام عقیدت پیش کیا جائے کم ہے۔ انہوں نے کہاکہ زندہ قومیں اپنے شہدا اور اسلاف کی قربانیوں کو کبھی نظر انداز نہیں کرتیں یہی وجہ ہے کہ آج پوری قوم کے ایک ایک بچے اور ایک ایک شخص نے جس جوش و ولولے سے اپنے معصوم شہدا کی یاد میں خراج عقیدت پیش کیاہے اس نے دنیا بھر کو یہ پیغام دیاہے کہ اس قسم کے سانحات دہشت گردی کے خلاف ہمارے عزم کو کمزور نہیں کرسکتے۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم اپنی افواج اور حکومت کے شانہ بشانہ ہے اور آئندہ بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہید بچوں کی قربانیوں کی وجہ سے آج ہم اور ہمارے معصوم بچے محفوظ اورہم امن و سکون سے زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس تقریب کے انعقاد کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ ہم اپنے شہید بچوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے ساتھ ساتھ یہ عہدبھی کریں کہ جب بھی اس ملک و قوم کو ہمارے لہو کی ضرورت پڑی تو ہم بھی اپنے خون کی قربانی اسی طرح پیش کریں گے جس طرح ہمارے معصوم بچوں نے اپنے لہو کی قربانی پیش کر کے پوری دنیا میں ایک مثال قائم کر دی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے اپنے شہید معصوم طالب علموں کے خون ناحق کے ذمہ دار دہشت گردوں کو چن چن کر جہنم واصل کرتے ہوئے پاک دھرتی کو ان کے ناپاک وجود سے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاک کردیا ہے۔راؤ محمد اقبال نے شہدائے اے پی ایس کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ16 دسمبر کا دن تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائیگا کیونکہ اس دن دہشت گردی و سفاکی کی بدترین مثال قائم کرتے ہوئے دشمنوں نے درجنوں بے گناہ و معصوم بچوں کو ابدی نیند سلا کرشاید یہ سمجھا کہ انہوں نے پاکستان کو کمزور کر دیا ہے مگر وقت نے ثابت کر دیا کہ سانحہ 16 دسمبر نے پوری قوم کو یکجا کرنے میں اہم کردار ادا کیا یہی وجہ ہے کہ آج ٹکڑوں میں بٹی وہی قوم ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن چکی ہے اسلئے پوری قوم کو سانحہ اے پی ایس کے شہداءپر ناز ہے جنہوں نے اپنی قربانی دے کر قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا ہونے کا موقع فراہم کیا۔انہوں نے کہا کہ ہم ان اساتذہ کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر کے معصوم بچوں کی جان بچانے کی بھرپور کوشش کی اور ملک و قوم کیلئے اپنی جانیں نچھاور کر دیں اسی طرح ہم ان والدین کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے معصوم بچوں کی جانوں کے نذرانے پیش کرکے اس ملک و قوم کو مزید دہشت گردی کی آفت سے تاحیات محفوظ کر دیالہٰذااللہ ان والدین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔اس موقع پر ا س امر کابھی اظہار کیاگیاکہ ہم اپنے شہیدوں کو نہ بھولے تھے، نہ بھولے ہیں اور نہ کبھی بھولیں گے۔تقریب میں سکول کے بچوں کی جانب سے معصوم شہدا کی یاد میں تیار کئے گئے خصوصی ملی نغمے اور ترانے پیش کئے گئے جبکہ آخر میں سانحہ اے پی ایس کے شہدا ء کیلئے دعائے مغفرت بھی کی گئی۔