اسلام آباد۔27دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آج سب سے بڑا چیلنج قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو واپس لانا ہے، قائداعظم اور علامہ اقبال ایک ایسی ریاست کا قیام چاہتے تھے جہاں اسلام کے ماننے والے اور اقلیتیں آزادی سے زندگی بسر کر سکیں، وزیراعظم عمران خان اسی پاکستان کی بات کرتے ہیں جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں قائداعظم محمد علی جناح کے حوالے سے تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا پیغام بہت واضح ہے، ہندوستان اور بنگلہ دیش کے کئی رائٹرز قائداعظم کے بارے میں کنفیوژن کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کا پاکستان قائداعظم چاہ رہے تھے انہوں نے اپنی تین بڑی تقاریر میں واضح کر دیا تھا، قائداعظم اور علامہ محمد اقبال ماڈرن اور ترقی پسند سوچ کے حامل راہنما تھے، برصغیر کی مسلم قیادت جان چکی تھی کہ مستقبل میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ کیا سلوک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے بہت پہلے دیکھ لیا تھا کہ مسلمانوں کو کیا مشکلات پیش آ سکتی ہیں، قائداعظم نے ہندوستان کی سیاست دیکھ کر پاکستان بنانے کا فیصلہ کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان میں سیالکوٹ واقعہ پر پوری پاکستانی قوم نے متحد ہو کر پر زور الفاظ میں مذمت کی، ہندوستان میں ایسے واقعات روز کا معمول ہیں، آج بھارت میں مسیحی برادری اور مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے وہ دنیا کے سامنے ہے، نریندر مودی اور بی جے پی نے اقلیتوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی حکومت کے تحت آج بھارت زوال کا شکار ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قیام پاکستان کا مقصد اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ دینا تھا، پاکستان اس خطے کی روشن امید ہے، قائداعظم اپنے پیغام میں واضح تھے، ان کے اس پیغام کو حاصل کرنا ہی سب سے بڑی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کے یوم ولادت کے موقع پر تصویری نمائش کا انعقاد خوش آئند ہے، ہمیں قائداعظم کے پیغام کو عام آدمی تک پہنچانے کی تحریک شروع کرنا ہوگی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے قائداعظم کا یوم ولادت شایان شان طریقے سے منانے، اسلام آباد میں آتش بازی اور رنگ و نور کی محفل کے انعقاد پر تمام منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔











