آج کا سب سے بڑا چیلنج قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو واپس لانا ہے: چوہدری فواد حسین وفاقی وزیر اطلاعات کا تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب

28

اسلام آباد۔27دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ آج سب سے بڑا چیلنج قائداعظم محمد علی جناح کے پاکستان کو واپس لانا ہے، قائداعظم اور علامہ اقبال ایک ایسی ریاست کا قیام چاہتے تھے جہاں اسلام کے ماننے والے اور اقلیتیں آزادی سے زندگی بسر کر سکیں، وزیراعظم عمران خان اسی پاکستان کی بات کرتے ہیں جس کا خواب قائداعظم محمد علی جناح نے دیکھا تھا۔ یہ بات انہوں نے پیر کو یہاں قائداعظم محمد علی جناح کے حوالے سے تصویری نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح کا پیغام بہت واضح ہے، ہندوستان اور بنگلہ دیش کے کئی رائٹرز قائداعظم کے بارے میں کنفیوژن کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کا پاکستان قائداعظم چاہ رہے تھے انہوں نے اپنی تین بڑی تقاریر میں واضح کر دیا تھا، قائداعظم اور علامہ محمد اقبال ماڈرن اور ترقی پسند سوچ کے حامل راہنما  تھے، برصغیر کی مسلم قیادت جان چکی تھی کہ مستقبل میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کے ساتھ کیا سلوک ہوگا۔