لاہور؛ وزیر ہاؤسنگ پنجاب ملک اسد کھوکھر نے گل داؤدی کی نمائش کا افتتاح کر دیا

54

لاہور، 9 دسمبر (اے پی پی):پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیر اہتمام سالانہ گلِ داؤدی کی نمائش کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ،صوبائی وزیر ہاؤسنگ ملک اسد کھوکھر نے نمائش کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ پھول محبت اور امن کا پیغام ہیں اور گل داؤدی نمائش  میں مختلف رنگوں کے پھول قدرت کا حسین و جمیل کرشمہ ہیں جوخوبصورتی ،دلکشی،رنگینی اور حساسیت قدرت نے پھولوں کو بخشی ہے اس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی اور گل داؤدی نمائش پی ایچ اے کا شہریوں کیلئے ٹھنڈے موسم کاخوبصورت   تحفہ  ہے۔

 اس موقع پر وزیر ہاؤسنگ پنجاب ملک اسد کھوکھر نے پی ایچ اے کی کارکردگی کو بھی بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ گل داؤدی نمائش کی تیاری میں محنت کرنے والے  افسران اور مالیوں کو مبارکباد  پیش کرتا ہوں۔ پی ایچ اے موسم سرما کی مناسبت سے ہر سال گل داؤدی نمائش کا انعقا د کرتا ہے کیونکہ پھولوں اور رنگوں کی پسندیدگی انسانی فطرت کے بہت سے مثبت پہلوؤں کو اجاگر کرتی ہے۔

 اس موقع پر چئیرمین پی ایچ اے سید یاسر گیلانی نے کہا کہ نمائش میں میاواکی جنگل، ھبگھی ،وال کلاک اور قومی پرچم کے ماڈلز گل داؤی کے پھولوں سے سجائے گئے ہیں۔ جنوبی پنجاب کی ثقافت کو اجاگر کرنے کیلئےاونٹ ،لسی بنانے والی چاٹی سمیت دیگر ماڈلز بھی نمائش کا حصہ ہیں۔ امسال نیلے، لال، سبز،نارنجی اور دیگر رنگارنگ پھول گل داؤدی نمائش کا حصہ ہیں۔

 وائس چئیرمین پی ایچ اے حافظ ذیشان رشید کا کہنا تھا کہ نمائش میں ایک سو سے زائد اقسام کے پھول  سجائے گئے ہیں اور شہری ہمیشہ کی طرح سالانہ گل داؤدی نمائش میں  رنگ برنگے پھول دیکھنے کے لئے جوق در جوق جیلانی پارک آ رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور کو پھولوں اور رنگوں کا شہر بنانا پی ایچ اے کا عزم ہے۔

سورس : وی این ایس، لاہور