لاہور؛ ڈی سی عمر شیر کا ترقیاتی اسکیموں پر عملدرآمد کا جائزہ  لینے کیلئے  ایس ملتان روڈ پی پی 151 ، بسطامی روڈ یو سی 98  کا دورہ

29

لاہور، 16دسمبر(اے پی پی): ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے ایل او ایس ملتان روڈ پی پی 151 اور بسطامی روڈ یو سی 98  کے علاقے میں جاری دو ترقیاتی اسکیموں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کے لئے دورہ کیا۔

اس موقع پر  ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ کو موقع پر بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ پی پی 151 میں اسلامیہ پارک، سمن آباد، چوبرجی پارک، اتحاد کالونی، سید پور، سبزہ زار، ڈھولنوال، جہانزیب بلاک، پکی ٹھٹھی اور ملحقہ آبادیوں میں پی سی سی اور سڑک پر کارپٹڈ کا کام شروع ہے جبکہ یو سی 98 میں جمیل ٹاؤن، سوڈیوال، چاہ جموں لاہور اور ملحقہ آبادی میں سیوریج اور واٹر سپلائی کا کام جاری ہے۔پی پی 151 میں 50 ملین کی لاگت سےجبکہ یو سی 98  کے علاقے میں29 .114 ملین کی لاگت سے ترقیاتی کام جاری ہے۔

ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے ملتان روڈ اور بسطامی روڈ کے علاقے میں جاری ترقیاتی کام کو جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا  کہ سڑک کی تعمیر، سیوریج اور واٹر سپلائی جیسے ترقیاتی کاموں سے شہریوں کو آسانی میسر ہو گی۔

 دوسری جانب ضلعی انتظامیہ لاہور کے افسران غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف بھی متحرک ہے۔اس حوالے سے شالیمار کے علاقے میں غیر قانونی طور پر قائم ایل پی جی سیل پوائنٹ کو سیل کر دیا گیا اور ذمہ داران کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کروا دیا گیا اسسٹنٹ کمشنر شالیمار تہنیت بخاری کی نگرانی میں چھاپہ مار ٹیموں نے کارروائی کی۔ ڈی سی لاہور عمر شیر چٹھہ نے غیر قانونی طور پر قائم ایل پی جی سیل پوائنٹ کے ساتھ ساتھ تمام غیر قانونی سرگرمیوں کے حوالے سے سخت کریک ڈاؤن جاری رکھنے کی ہدایات کر رکھی ہیں۔

سورس:وی این ایس، لاہور