لاہور۔منگل 7 دسمبر ( اے پی پی ): معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت زیادہ بارش ہوتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے کے نعرے پر یقین نہیں رکھتی۔ حکومت اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ زیادہ پانی آئے تو یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اس کی نکاسی کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ نے بارشوں کے پانی میں کھڑے ہو کر فوٹو سیشن پر زور دیا۔ گذشتہ پچاس سالوں سے گورننس کا ماڈل یہ تھا کہ مسائل پر محض سیاست کی جاتی رہی مگر ان کا حل نہیں نکالا گیا۔ تحریک انصاف کی حکومت نے اس تسلسل کو توڑا اور فلاحی ترقیاتی منصوبے شروع کئے۔ انہوں نے کہا کہ عثمان بزدار کی ہدایت پر لاہور میں 9 ایسے مقامات پر رین واٹر سٹوریج ٹینک بنائے جا رہے ہیں جہاں بارشی پانی بہت زیادہ کھڑا ہوتا تھا۔ یہ منصوبے آئندہ سال فروری اور مارچ کے درمیان مکمل ہو جائیں گے۔