نارووال،18دسمبر( اے پی پی): ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے کہا ہے کہ مذہبی وقومی تہواروں کو منانے کے سلسلے میں پاکستانی قوم کی خوشیاں سانجھی ہیں، اس سلسلے میں ہم سب اقلیتی برادری کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔
انہوں نے یہ بات اپنے آفس میں بین المذاہب ہم آہنگی وضلعی امن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان نے ضلع بھر میں ڈسٹرکٹ امن کمیٹی اوربین المذاہب ہم آہنگی کے شاندارماحول کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاست کی کامیابی امن کے بغیر ممکن نہیں، قانون نافذکرنے والے اداروں کے ساتھ ساتھ بالخصوص علمائے کرام اور ممبران کے کردار کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے ہر پلیٹ فارم پرضلع میں امن کو قائم رکھنے میں اپنا بھرپور کردار اداکرکے ثابت کررہے ہیں کہ وہ حقیقی معنوں میں حکومت کے دست وبازو اور محب وطن شہری ہیں۔
ڈی سی نارووال نے مسیحی برداری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اقلیتی برادری ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی میں جاندار کردار ادا کررہی ہے، ان کی خدمات کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے سرکاری محکموں واداروں میں خدمات انجام دینے والے مسیحی سٹاف کے جذبہ خدمت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فرائض کی ادائیگی بھی خاموش عبادت کا درجہ رکھتی ہے لہذا وہ آئندہ بھی بھرپورعزم کے ساتھ اپنی خدمات کا معیار برقرار رکھیں۔
انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ضلع بھر میں کرسمس کی تقریبات کے خوشگوار انعقاد کے سلسلے میں جامع اقدامات کئے گئے ہیں،گرجا گروں کی سیکیورٹی میں اضافہ اور صفائی ستھرائی کے ساتھ ساتھ ان کی سہولت کے لئے تفریحی مقامات پر بھی خصوصی انتظامات ہونگے۔انہوں نے مسیحی برادری سے کہا کہ وہ احساس تحفظ کے ساتھ نظم وضبط اور ذمہ دارانہ انداز میں کرسمس کی خوشیاں منائیں۔ممبران ضلعی امن و بین المذاہب کمیٹی کی طرف سے پیر قاضی محمد یعقوب رضوی، امجد خاں کاکٹر،حافظ ذوالفقار مہیس اورمسیحی برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے ثمن ناظر نے اس موقع پر ڈپٹی کمشنرکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرسمس قومی یکجہتی کے ساتھ امن وسلامتی کا پیغام ہے۔انہوں نے کہا کہ خوشیاں بانٹنے سے بڑھتی ہیں اس سلسلے میں ہمارا ایک دوسرے کی خوشیوں میں شریک ہونا ایک متحد قوم ہونے کی علامت ہے۔
ممبران نے ڈپٹی کمشنر نارووال کو یقین دلایا کہ نارووال ضلع امن کی گہواراہے اور یہ ضلع امن وامان کے حوالے سے صوبہ بھر میں نمایاں حیثیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ امن کا ضلع تھا,ہے اور رہے گا,علماء کرام اور ممبران پرمحبتوں کا یہ گلدستہ ہمیشہ کی طرح خوشیاں فراہم کرتارہے گا۔
ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان اور ڈی پی او کامران ممتاز نے اس موقع پر ممبران کی طرف سے خوشیوں بھرے پیغام کو سراہا اور ان کی طرف سے کئے جانے والے تعاون پر ان کاشکریہ ادا کیا۔
ڈپٹی کمشنر نبیلہ عرفان اورڈی پی او کامران ممتاز نے اس موقع پر اقلیتی راہنماوں کے ساتھ کرسمس کا کیک بھی کاٹا۔
سورس: وی این ایس، نارووال