برسلز، 09 دسمبر (اے پی پی ): ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ اور پشتون تنظیم بیلجیئم نے مشترکہ طور پر انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر بیلجیئم کے شہر برسلز میں یورپی اداروں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا اہتمام کیا، احتجاج بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف تھا، جو جموں کے قتل عام کی برسی اور انڈین کرانیکلز کے نام سے یورپی یونین ڈس انفو لیب کی طرف سے پاکستان کے خلاف بھارتی ڈس انفارمیشن مہم کا ایک سال مکمل ہونے پرکیا گیا۔
بیلجیئم میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے چیئرمین ای یو پاک فرینڈ شپ فیڈریشن چوہدری پرویز اقبال لوسر اور پشتون تنظیم بیلجیم کے نوید اختر کی قیادت میں احتجاجی مظاہرے میں شرکت کی۔
چیئرمین ای یو پاکستان فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ چوہدری پرویز اقبال لوسر نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ احتجاجی مظاہرے میں اہل علاقہ اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔مظاہرین نے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے جعلی بھارتی میڈیا اداروں اور بھارتی مسلح افواج کے خلاف پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
چیئرمین ای یو پاکستان فرینڈ شپ فیڈریشن یورپ چوہدری پرویز اقبال لوسر اور دیگر شرکاء نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔مظاہرین نے ڈس انفارمیشن رپورٹ کی تحقیقات کرنے اور تھنک ٹینک/این جی اوز جن کے نام رپورٹ میں ہیں ان پر پابندی عائد کرنے پر بھی زور دیا۔