ملتان، 09 دسمبر (اے پی پی ): سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب جاوید اختر محمود نے جمعرات کو یہاں فورٹ منرو اور کوہ سلیمان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا دورہ کیا ہے ، جہاں انہوں نے ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بریفنگ لی اور کاموں کو جلد مکمل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
اس کے علاوہ انہوں نے صاف پانی، سیوریج اور صحت کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایات جاری۔
انہوں نے اس موقع پر کہا کہ فورٹ منروخوبصورت سیاحتی مقام بن چکا ہے،یہاں پر تمام تر سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔صاف پانی، سیوریج اور دیگر سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہیں۔فورٹ منرو جنوبی پنجاب کا خوبصورت سیاحتی مقام ہے۔صاف پانی کی فراہمی کے لئے یہاں بڑی تعداد میں سکیموں پر کام جاری ہے جس کو عملی جامہ پہنانے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے شیر شاہ ٹاؤن سکول، ہسپتال کادورہ اور ویکسینیشن سٹاف سے ملاقات کی۔ سکول کے دورہ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ بچوں کوسکول میں تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں۔
انہوں نے بچوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بچے دل لگا کر تعلیم حاصل کریں اور معاشرے کا مفید رکن بنیں۔
شیر شاہ ٹاؤن ہسپتال کے دورہ کے موقع پر انہوں نے سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو تمام طبی سہولیات مہیا کی جائیں،عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
اس موقع پر پر سپریٹنڈنٹ انجینئرنگ پی ایچ ای، ایم ڈی واسا ناصر اقبال، ڈی جی پی ایچ اے ڈی جی خان اور ڈپٹی سیکرٹری زاہد اقبال بھی موجودتھے۔
سورس : وی این ایس ، ملتان