ملتان: ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا شہر کی داخلی اور مرکزی شاہراہوں کی صفائی کے لئےگرینڈ آپریشن جاری

55

ملتان ،24دسمبر(اے پی پی ):ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کا شہر کی داخلی اور مرکزی شاہراہوں کی صفائی کے لئےگرینڈ آپریشن آج تیسرے روز بھی زوروں پر  ہے،کمپنی نے تمام مشینری اور ورک فورس فیلڈ میں اتار دی ہے اور مینجنگ ڈائریکٹر ایم ڈبلیو ایم سی فخرالاسلام ڈوگر صفائی آپریشن کی خود مانیٹرنگ کررہے ہیں جبکہ  قادر پور راں انٹری گیٹ سے شہر تک روڈ کی بھرپور صفائی جاری و ساری ہے۔

 بہاولپور روڈ اور شجاع آباد انٹر چینج سے ڈبل پھاٹک تک بھی خصوصی صفائی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ سڑکوں پر ویسٹ،کچرا اور ملبہ اٹھانے کے لئے لوڈر اور ٹریکٹر ٹرالیاں استعمال کی جارہی ہیں۔ ڈیوائیڈر کے ساتھ صفائی کے لئے علی الصبح مکینکل سوئیپر کا استعمال کیا گیا ہے جبکہ  واسا اور پی ٹی سی ایل کے ترقیاتی پراجیکٹس کی وجہ سے پھیلنے والی مٹی بھی ٹھکانے لگائی جارہی ہے۔

اس سلسلے میں   کنٹینرز کی سو فیصد لفٹنگ یقینی بنانے  کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور شاہراہوں پر پانی کا چھڑکاؤ کیا جارہا ہے جبکہ شاہراہوں کے اوپر اور اطراف میں عوام کی رہنمائی کے لئے لگے  سائن بورڈز کو بھی دھویا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ  فلائی اووز اور شہر کے اہم چوکوں کی واشنگ کا کام شروع کردیا گیا ہے۔