ملک میں اشیاء خوردونوش مزید سستی، خطے میں سب سے کم قیمتیں پاکستان میں ہیں، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی کابینہ اجلاس پر بریفنگ

108

اسلام آباد۔14دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں اشیاء خوردونوش مزید سستی، خطے میں سب سے کم قیمتیں پاکستان میں ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی کابینہ کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا، یہ بات خوش آئند ہے کہ مسلسل تیسرے ہفتے حساس اشاریہ انڈیکس نیچے جا رہا ہے، قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے سندھ نے صحت کارڈ اور راشن پروگرام میں شرکت نہیں جس کی وجہ سے سندھ کو چھوڑ کر پورے ملک میں صحت کے اخراجات جنوری سے حکومت اٹھائے گی، مڈل اور لوئر مڈل کلاس طبقہ کو صحت کے اخراجات میں بچت ہوگی اور یہ بچت وہ دیگر اشیاءکے لئے استعمال کر سکیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ حساس اشاریہ انڈیکس کے مطابق ٹماٹر، چکن اور آلو کی قیمتیں کم ہوئی ہیں، چینی اور 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں استحکام آیا ہے، مسٹرڈ آئل اور دیگر چیزوں کی قیمتیں بھی مستحکم ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی میں زرعی پالیسی میں کئی چیزوں کو نظر انداز کیا گیا، ہم زرعی ملک ہیں لیکن دالیں نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا سے درآمد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درآمدی اشیاءمہنگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت اور بنگلہ دیش کے مقابلے میں سستا ملک ہے، صرف چائے کو چھوڑ کر باقی تمام چیزیں یہاں سستی ہیں۔ چائے کی قیمت بھارت میں 1232 روپے، بنگلہ دیش میں 916 روپے، سری لنکا میں 1117 روپے ہے جو پاکستان میں 1315 روپے فی کلو ہے۔