ملک کے مختلف حصوں میں یتیموں اور خصوصی افراد کے لئے تمام سہولیات پر مشتمل بڑے بڑے کمپلیکس بنانے کا آغاز کرنے جارہے ہیں؛سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

34

اسلام آباد،3دسمبر  (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں یتیموں اور خصوصی افراد کے لئے تمام سہولیات پر مشتمل بڑے بڑے کمپلیکس بنانے کا آغاز کرنے جارہے ہیں، ارکان پارلیمنٹ اپنے اپنے علاقوں میں ایسے بڑے کمپلیکس بنانے کے لئے آگے آئیں اور سیاست سے بالاتر ہوکر عوام کی خدمت کریں ۔بیوروکریسی بھی اس سلسلے میں تعاون کرے۔

جمعہ کو خصوصی افراد  کے عالمی دن کے موقع پر پارلیمنٹ ہائوس کے لان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکا کہنا تھا کہ  اپنے بچپن سے ہی فلاحی کاموں کا شوق رہا ہے معاشرے کے پسے ہوئے طبقات کے لئے اللہ نے مجھ سے کام لیا۔ آج میں سپیکر ہوں تو پارلیمان کے دروازے خصوصی افراد کے لئے کھلے ہیں۔  ملک کے مختلف علاقوں میں خصوصی افراد کے لئے منظم کام کرنے کی کوشش کررہا ہوں ایسے بچوں جن کا کوئی نہیں ان کو فلاحی تنظیمیں گلے لگائے ہوئے ہیں ملک کے مختلف علاقوں میں خصوصی افراد ور یتیموں کے لئے بڑے بڑے کمپلیکس بنانے کا آغاز کرچکے ہیں ۔ وزیر اعظم عمران خان بھی دن رات پسے ہوئے طبقات کو ان کے پیروں پر کھڑا کرنے کی بات کرتے ہیں ۔قانون سازی میں جہاں بھی کمزوری ہے نشاندہی کی جائے پارلیمان اس پر قانون سازی کرے گی ۔ انٹرنیشنل این جی اوز کی  رجسٹریشن میں بڑی مشکلات ہیں۔ہم سیاست سے بالاتر ہوکر ملک و قوم کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں ۔ارکان پارلیمنٹ اپنے اپنے علاقوں معذوروں کے لئے آگے آئیں۔

 ظلہ قیصر صاحبزادی سپیکر اسد قیصر کا کہنا تھاکہ یہ پارلیمان کا شکریہ ہے کہ اس نے معذوروں کے لئے اپنے دروازے کھولے موجودہ پارلیمان نے معذوروں کے لئے کافی بہتر قانون سازی کی ہے  کورونا نے معذوروں کو کافی مشکلات کا شکار کیا ہے۔ کورونا کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے معذوروں کے لئے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے ۔معذوروں کے لئے بریل سسٹم کا سبق نصاب میں شامل ہونا چاہئے ۔معذوروں کو خصوصی معذور کارڈز ملنے کا تیز ترین نظام ہونا چاہئے۔ نوکریوں میں معذوروں کے کوٹے پر لازمی عمل ہونا چاہئے۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر معذوروں کے لئے آگاہی مہم چلائی جانی چاہئے ۔ڈرائیونگ لائسنس لینے میں معذوروں کو خصوصی سہولیات ملنی چاہیں ۔

تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی ظل ہما کا کہنا تھا  کہ وزیر اعظم عمران خان اور سپیکر اسد قیصر کو مبارک باد پیش کرتی ہوں کہ انہوں نے ہمیشہ پسے ہوئے طبقات کی بات کی ۔

سپیکر قومی اسمبلی نے معذوروں کی مشکلات کے ازالے کے لئے خصوصی کمیٹی بنائی ۔سی ڈی اے کے زیر انتظام تمام سرکاری اداروں میں ریپمس بنوائے ہسپتالوں میں معذوروں کے لئے ون ونڈو شروع کرائی ۔ وزارت تجارت کے ذریعے معذوروں کے لئے ٹیکس فری گاڑیوں منگوانے کی پالیسی بنائی گئی ۔کارپارکنگ خصوصی طورپر بنوائی گئی۔ اسلام آباد کے معذوروں کے لئے خصوصی قانون بنایا گیا۔ موجودہ حکومت نے ملک بھر کے معذوروں کا ڈیٹا اکٹھا کرنے کا انتظام کیا ۔ قومی اسمبلی کی ویب سائٹ کو بصارت سے محروم افراد کے لئے قابل عمل بنایا گیا ۔پارلیمان میں معذوروں کے لئے خصوصی گیلری بنائی گئی۔ حکومت پاکستان کی معذوروں کے لئے کی گئی کوششوں کا عالمی سطح پر اعتراف کیا گیا ہے۔

تقریب کے بعد سپیکر اسد قیصر نے پارلیمان میں معذوروں کے لئے سہولیات کا افتتاح کیا۔

سورس:وی   این ایس، اسلام آباد