ملک کے مختلف حصوں میں 13 مقامات پر نئے پاسپورٹ دفاتر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے،وزارت داخلہ کا قومی اسمبلی میں تحریری جواب

46

اسلام آباد۔22دسمبر  (اے پی پی):قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں 13 مقامات پر نئے پاسپورٹ دفاتر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں سید محمود شاہ کے سوال پر وزارت داخلہ کی جانب سے تحریری طور پر آگاہ کیا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا،  پنجاب، سندھ، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں 13 مقامات پر نئے پاسپورٹ دفاتر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ خیبرپختونخوا میں ضلع لوئر کوہستان اور خیبر جبکہ پنجاب میں کھاریاں، چیچہ وطنی، دیپالپور، بوریوالہ، احمد پور شرقیہ، صادق آباد اور لیاقت پور میں پاسپورٹ دفاتر کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ سندھ میں کورنگی، بلوچستان میں سکندر آباد اور ڈوکی جبکہ گلگت بلتستان میں فارمنگ کے مقامات پر پاسپورٹ دفاتر قائم کئے جائیں گے۔ ایوان کو بتایا گیا کہ منصوبہ بندی کمیشن کی جانب سے 13 پاسپورٹ آفسز بشمول سوراب قائم کرنے کے منصوبے کا پی سی ون منظور کرلیا گیا ہے اور رقوم کی تخصیص کا انتظار ہے۔ ایوان کو آگاہ کیا گیا ہے کہ چند ایک نئے قائم شدہ اضلاع کے علاوہ تمام اضلاع میں پاسپورٹ آفسز قائم کردیئے گئے ہیں۔