آج ایکنک سے جدید راولپنڈی کیلئے 100 ارب روپے کا نالہ لئی پروجیکٹ اور 30 ارب روپے کا رنگ روڈ منصوبہ منظور کروایا،وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا تقریب سے خطاب

42

راولپنڈی۔22دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے گزشتہ روز سینٹ جوزف کیتھولک چرچ لالکڑتی راولپنڈی میں مسیحی برادری کی جانب سے کیک کٹنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  کہا کہ آج ایکنک سے جدید راولپنڈی کیلئے 100 ارب روپے کا نالہ لئی پروجیکٹ اور 30 ارب روپے کا رنگ روڈ منصوبہ  منظور کروایا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ مجھے سکول کے زمانے سے انجیل کی آیت یاد ہے کہ جیتتا وہی ہے جس کا یہ ایمان ہوتا ہے کہ اگر میں ڈھونڈوں گا تو پائوں گا ،اگر میں دستک دوں گا تومیرے لیے درکھولا جائے گا۔اپنے خطاب میں وزیر داخلہ نے کہاکہ یسوع مسیح کا پیغام تعلیم و تبلیغ تھا ، کرسمس کی خوشیوں میں شامل ہونا اللہ کا مجھ پر خاص کرم ہے، پاکستان کے لئے مسیحی برادری کی خدمات کسی بھی مسلم سے کم نہیں ہیں ۔وزیر داخلہ نے اعلان کیاکہ مسیحی برادری کی سہولت کے لیے شناختی کارڈز بنانے کے لیے نادرا کی گاڑیاں گرجاگھروں میں بھیجی جائیں گی، قدیم مسیحی عبادات کی تزئین و آرائش کے لیے بھی ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے ۔