میرپورخاص ؛کرپشن کا عالمی دن پر”کرپشن سے پاک پاکستان” کے عنوان سے ریلی نکالی گئی

114

میرپورخاص ، 09 دسمبر ( اے پی پی) : ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ  سرکل آفیسر ذاکرحسین سمون نے کہا ہے کہ کرپشن  ایک ایسی ناسور بیماری  ہے جوکہ کسی بھی معاشرے کو اندر سے کھوکھلا کر دیتی ہے۔

 اینٹی کرپشن کے عالمی دن کے موقع پر  کمشنر کمپلیکس سے میرپورخاص پریس کلب تک ” ہمارا ایمان کرپشن سے پاک پاکستان” کے عنوان سے  نکالی جانی والی آگاہی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی ملک، قوم اور معاشرہ  اس وقت تک ترقی نہیں کر سکتا  جب تک وہ کرپشن سے پاک نہ ہو ہماری بنیاد سچائی، ایمانداری اور اخلاقیات پر ہونا چاہیئے ۔پاکستان بنانے والے قائدین نے جو خواب اس ملک کو بنانے کا دیکھا تھا، ان خوابوں کی تعبیر اس وقت تک ممکن نہیں ہو سکتی  جب تک ہم کرپشن کا جڑ سے خاتمہ نہ کر دیں ہم سب کو اس معاشرے کو کرپشن سے پاک کرنے کے لیئے اپنا کردار اد کرناچاہیے ہمیں ہر سطح پر کرپشن کی حوصلہ افزائی نہیں حوصلہ شکنی کرنی چاہیئے۔

 اس موقع پر ڈویژنل ڈائریکٹر انفارمیشن حزب اللہ میمن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون محمد حسن خاصخیلی ایڈیشنل کمشنر ٹو پریم چند، اسسٹنٹ کمشنر حسین بخش مری  محمد خان کھٹی سمیت دیگر نے بھی کرپشن کے خلاف اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ رشوت لینے والا اور دینے والا دونوں جہنمی ہیں ہمیں رشوت لینے والوں کی نشاندہی کرنی چاہیئے۔

 پروفیسر کمپریہینسو ہائی اسکول جمیل قریشی نے کہا کے  تعلیمی ادارے ایک درس گاہ ہیں جہاں سے ہمارے بچے اچھی تعلیم  اور تربیت حاصل کرتے ہیں انھی اداروں میں ہمیں دیگر سرگرمیوں کے ساتھ بچوں کو کرپشن کے خلاف شعور اجاگر کرناچاہیے تاکہ ہم اپنے ملک و قوم کی ترقی اور اور اپنے ملکی قائدین کا خواب کو پورا کر سکیں ۔

 ریلی میں متعلقہ اداروں کے سربراہان، سرکاری محکموں کے ملازمین سول سوسائٹی، فلاحی تنظیموں کے نمائندگان اور اسکول کےبچوں نے حصہ لیا۔

 اس موقع پر بچوں کے ہاتھوں میں کرپشن کے خلاف بینر اور پوسٹر آویزاں تھے.

سورس : وی این ایس ، میرپورخاص