اسلام آباد، 05 دسمبر(اے پی پی ): وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈارنے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بڑی آبادی کا حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے نوجوانوں کو صحتمند سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرکے انہیں غلط ہاتھوں میں جانے سے بچا کر معاشرے کا مفید شہری بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم عمران خان نوجوانوں کو اہمیت دیتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں سپورٹس کمپلیکس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور وفاقی وزیر برائے بین صوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ عثمان ڈار نے کہا کہ پاکستان میں کھیلوں کے کلچرکو پروان چڑھا رہے ہیں، سپورٹس ڈرائیو کے ذریعے لاکھوں نوجوانوں کو موقع فراہم کر رہے ہیں اور وزیر اعظم عمران کے نوجوانوں سے کئے گئے وعدوں کو پورا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام ہونے جا رہا ہے جس کی تمام تیاریاں مکمل ہیں وزیر اعظم عمران خان (آج) اس مہم کا آغاز کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان آبادی کے 68 فیصد پر مشتمل ہیں جن کے لئے کامیاب جوان پروگرام کے تحت تعلیم ، روزگار، اور کاروبار کے مواقع فراہم کر رہے ہیں جس سے اب تک لاکھوں نوجوان مستفید ہو چکے ہیں اور اب کامیاب سپورٹس پروگرام کا آغاز نوجوانوں کے لئے امید بن کر آرہا ہے، ملک بھر سے نوجوانوں کے ٹیلنٹ کا آغاز ہو گیا ہے ویب سائٹ کے ذریعہ (آج) پیر سے نوجوان خود کو آن لائن رجسٹر کرا سکیں گے۔