اسلام آباد،3دسمبر (اے پی پی):وفاقی حکومت کے زیراہتمام ملک بھر کے تعلیمی اداروں کے نوجوانوں کے سپورٹس ٹیلنٹ کو سامنے لانے کے لیے ملک گیر ”کامیاب جوان ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس ڈرائیو” کا آغاز 6 دسمبر سے ہوگا جبکہ اس سپورٹس ڈرائیو کے تحت ملک بھر میں ایک ارب 93 کروڑ 74 لاکھ روپے کی لاگت سے 12 سپورٹس اکیڈمیاں قائم کی جائیں گی، 89 کروڑ 79 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے کامیاب جوان ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس ڈرائیو کے تحت دو سال میں نوجوانوں کے 12 جبکہ بچیوں کے 10 ایونٹ منعقد ہوں گے، اس پروگرام کا باقاعدہ افتتاح 6 دسمبر کو جناح سپورٹس کمپلیکس میں وزیراعظم عمران خان کریں گے۔
جمعہ کو وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا اور کامیاب جوان پروگرام کے سربراہ عثمان ڈار نے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں پریس کانفرنس اور اس پروگرام کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط بھی کیے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ ہماری یونیورسٹیوں میں نوجوانوں کو سپورٹس کے مواقع دستیاب نہیں ہوتے جبکہ مختلف فیڈریشنوں اور تنظیموں نے کھیلوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے، ہم نے کھیلوں میں اپنا کھویا ہوا مقام بحال کرنے کے لیے اس ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس ڈرائیو کا آغاز کیا ہے تاکہ نوجوانوں کوکھیل کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آ سکیں، ہم نے اپنے میدانوں کو آباد کرنا ہے، ایک صحت مند پاکستان اور قومی پرچم کو عالمی سطح پر بلند کرنے کے لیے یہ پروگرام کلیدی کردار ادا کرے گا، اس میں 100 سے زائد جامعات کے طالب علم حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کے لیے یہ خوشخبری ہے کہ فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے شفاف الیکشن کے لیے حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی حامی بھری ہے، اس حوالے سے نارملائزیشن کمیٹی نے بھی حکومت کے ساتھ بیٹھ کر اس کے انتخابات کے لیے کام کرنے پر اتفاق کیا ہے، جلد اس حوالے سے وزیراعظم کو آگاہ کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سپورٹس گورننس کا سٹرکچر دے رہے ہیں، اس حوالے سے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے، اٹھارویں ترمیم کے بعد سپورٹس کا محکمہ صوبوں کو منتقل ہو چکا ہے، صوبے اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور کھیلوں سے لگن رکھنے والے سپورٹس کے وزیر تعینات کریں۔
کامیاب جوان پروگرام کے سربراہ عثمان ڈار نے کہا کہ پاکستان کے نوجوانوں کے لیے یہ خوشخبری ہے کہ 6 دسمبر کو وزیراعظم عمران خان کامیاب جوان ٹیلنٹ ہنٹ یوتھ سپورٹس ڈرائیو کا آغاز کرنے جا رہے ہیں، وزارت بین الصوبائی رابطہ کے ساتھ مل کر پاکستان کے نوجوانوں کو ایسا پلیٹ فارم دے رہے ہیں جس سے نیا ٹیلنٹ سامنے آ سکے، ہم نے سپورٹس کلچر کو بحال کرنا ہے۔ انہوں نے اس پروگرام کے تحت منعقد کیے جانے کھیلوں کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 11 سے 18 سال کے بچوں کے مابین بیڈمنٹن، باکسنگ، کرکٹ، فٹ بال، ہاکی، ہینڈ بال، جوڈو، سکواش، ٹیبل ٹینس، والی بال، ویٹ لفٹنگ، ریسلنگ جبکہ بچیوں کے مابین بیڈمنٹن، باکسنگ، کرکٹ، فٹ بال، ہینڈ بال، ہاکی، جوڈو، سکواش، ٹیبل ٹینس اور والی بال کے مقابلے منعقد ہوں گے، اس میں سب سے پہلے ریجنل اور صوبہ کی سطح پر ٹرائل فیز ہوگا جس کے بعد قومی سطح پر بین الصوبائی مقابلے ہوں گے، اس مرحلہ میں 12 سپورٹس اکیڈمیاں بھی قائم کی جائیں گی جبکہ تیاری کے آخری مرحلہ میں عالمی سطح کے مقابلے ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں بہاؤالدین ذکریا یونیورسٹی ملتان میں ہاکی، یونیورسٹی آف پنجاب لاہور میں ویٹ لفٹنگ، یونیورسٹی آف ویٹنری و اینیمل سائنسز لاہور میں ریسلنگ اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں ہینڈ بال کی اکیڈمیاں قائم کی جائیں گی، سندھ میں جامعہ کراچی میں فٹ بال، سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈو جام میں جوڈو جبکہ بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کراچی میں باکسنگ کی اکیڈمیاں قائم ہوں گی، خیبر پختونخوا میں یونیورسٹی آف پشاور یا خان عبدالولی خان یونیورسٹی مردان میں سکواش جبکہ عبدالولی خان یونیورسٹی مردان یا یونیورسٹی آف پشاور میں والی بال کی اکیڈمیاں قائم کی جائیں گی، اسلام آباد میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی میں کرکٹ، بلوچستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی و مینجمنٹ سائنسز کوئٹہ میں ایتھلیٹکس جبکہ قراقرم انٹرنیشنل یونیورسٹی گلگت بلتستان میں سکی و سپورٹس ٹورازم سینٹر قائم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ میں ہماری حکومت نہ ہونے کے باوجود وہاں کے نوجوانوں کو کسی سیاست کی بھینٹ چڑھائے بغیر انہیں کھیلوں کے مساوی مواقع فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم 72 سال کا گند صاف کر رہے ہیں، عمران خان کی حکومت کی مدت پوری ہونے پر ہماری کارکردگی اس شعبہ میں بہترین ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام ایک فلیگ شپ پروگرام ہے جس کے تحت یوتھ انٹر پرینیور شپ کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ ہنرمندی کے لیے ایک لاکھ سے زائد سکالرشپس دے چکے ہیں، یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرز بنا رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام میں مظفرآباد میں ہاکی ٹرف کا منصوبہ شامل ہے، اس کے علاوہ ہم نےحال ہی میں مظفرآباد میں کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بھی کیا ہے۔
سورس:وی این ایس، اسلام آباد