سکردو۔16دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے سکردو ایئرپورٹ کی انٹرنیشنل آپریشن کیلئے توسیع اور اپ گریڈیشن کے کام کا افتتاح کر دیا۔ جمعرات کو وزیراعظم اس منصوبے کا افتتاح کرنے جب پہنچے تو گلگت بلتستان کے روایتی لباس میں ملبوس دو ننھے بچوں نے وزیراعظم کو گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید اور دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر جگلوٹ سکردو روڈ کی تختی کی نقاب کشائی کرکے اس کا افتتاح بھی کیا جبکہ وزیراعظم کو اس منصوبہ کے حوالہ سے بریفنگ بھی دی گئی۔ وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے وزیراعظم کو جگلوٹ سکردو روڈ کے حوالہ سے بریفنگ دی۔