لاہور،11دسمبر(اے پی پی): عوام کے لئےتیز رفتار ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کے لئے وزیراعلیٰ آفس میں ریسکیو 1122موبائل ایپلی کیشن کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا،وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کمپیوٹر کا بٹن دبا کر ایپلی کیشن کو لانچ کیا۔
افتتاحی تقریب سے خطا ب میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ریسکیو1122 موبائل ایپلی کیشن سے ایمرجنسیز کوبروقت رسپانس کرنے میں مدد ملے گی اورپنجاب کے شہریوں کوانکی دہلیز پر ایمرجنسی سروسزکی فوری فراہمی کیلئے موبائل ایپلی کیشن کلیدی کردار ادا کرے گی، ریسکیو سروس اب تک ایک کروڑ سے زائد ایمرجنسی متاثرین کوریسکیو کرچکی ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے دور درازعلاقوں میں ریسکیوائیرایمبولینس بھی جلد شروع کردی جائے گی، ریسکیوائیر ایمبولینس کی منظوری دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب جنوبی ایشیاء کا پہلا صوبہ ہوگا جہاں ریسکیو ائیر ایمبولینس کاآغاز ہونے جارہاہے،پنجاب میں موٹر بائیکس ریسکیو سروس کا دائرہ کار بھی باقی27 اضلاع تک بڑھایا جا رہا ہےریسکیوسروس کا دائرہ کار جون تک ہر تحصیل تک بڑھا دیاجائے گا۔
وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سسٹم کی ڈیجیٹلائزیشن سے شہریوں کو سروسز کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملتی ، موبائل ایپ پنجاب کے شہریوں کو بروقت ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے کیلئے ایک بہترین اقدام ہےسروس کی توسیع کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ موبائل ایپ ایک گیم چینجر ثابت ہو گی۔
عثمان بزدار نے کہا کہ ایمرجنسی سروسز فراہم کرنے کیلئے جائے حادثہ کے درست مقام تک رسائی حاصل ہو گی اور یہ ایپ نہ صرف غیر ضروری کالز کو ختم کرے گی بلکہ پنجاب میں ایمرجنسی سروسز کے معیار کو بھی بہتر بنائے گی وزیر اعلیٰ نے ایمرجنسی رسپانس اور ڈیٹا کی ڈیجیٹلائزیشن کے اقدام پر ڈی جی ریسکیو پنجاب اور آئی ٹی ٹیم کی کوششوں کو بھی سراہا۔
لانچنگ کے موقع پر ڈی جی ریسکیوسروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے وزیراعلیٰ کو ریسکیو موبائل ایپ کی ورکنگ، آپریشن، ٹریکنگ اور دیگر خصوصیات کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ موٹر بائیک ریسکیو سروس نے بڑے شہروں میں ساڑھے 8لاکھ سے زائد ایمرجنسیز میں 4 منٹ کے اوسط رسپانس ٹائم کے ساتھ شہریوں کو انکی دہلیز پرخدمات فراہم کیں جو کہ بین الاقوامی سطح پر ایک اعزاز ہے ریسکیو 1122 شہریوں کو بہترین خدمات کی بروقت فراہمی کیلئے کوشاں ہےاور پنجاب میں ریسکیو سروس کو مضبوط بنانے کیلئے تعاون فراہم کرنے پر ہم وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
موبائل ایپ کی لانچنگ کے موقع پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد،ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور،چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ہوم، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،ڈی جی ریسکیو1122،ریسکیوہیڈ کوارٹرو ایمرجنسی سروسزاکیڈمی کے سینئر افسران، ڈائریکٹر ٹیلی نار اور موبائل ایپ کو تیار کرنے والی آئی ٹی ٹیم،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔











