لاہور، 10 دسمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صد ارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کا10ویں اجلاس جمعہ کو یہاں منعقد ہوا، اجلاس میں لاہور کیلئے واٹر میٹرزکی خریداری،تنصیب اورآپریشن اینڈ مینٹیننس پراجیکٹ کیلئے ٹیکنیکل اورفنانشل بڈزکی حتمی منظوری دی گئی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ کمپنی کنسوریشم 11ارب 22کروڑ روپے کی لاگت سے لاہور میں ڈیجیٹل واٹر میٹرلگائے گا، لاہور میں 7لاکھ سے زائد میٹر لگائے جائیں گے جن میں 93فیصد گھریلو اور 7فیصد کمرشل صارفین شامل ہو ں گے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ جدید ترین ڈیجیٹل واٹر میٹرسے گھر گھر جا کر ریڈنگ کی ضرورت نہیں رہے گی۔ واسا ڈیجیٹل میٹر سے الیکٹرانک ریڈنگ حاصل کر کے بل بھیجے گاڈیجیٹل میٹرنگ سے پانی کی بچت ہوگی اور استعمال کے مطابق بل آئے گااور ڈیجیٹل میٹر کی تنصیب سے پانی چوری کا بھی سدباب ہوگاگھروں اور کمرشل مقامات پر ڈیجیٹل میٹرنگ سے واسا کے ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا ۔
علاوہ ازیں لاہور کے بعد ڈیجیٹل میٹرنگ کا دائرہ کار دیگر شہروں تک بھی بڑھایا جائے گاکمپنی کنسوریشم ڈیجیٹل میٹر اسمبلنگ پلانٹ بھی لگائے گا اورڈیجیٹل میٹر اسمبلنگ پلانٹ سے مقامی طورپر روز گار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
اجلاس میں صوبائی وزراء ہاشم جواں بخت،اسد کھوکھر، مشیر وزیراعلیٰ ڈاکٹر سلمان شاہ،چیف سیکرٹری، سیکرٹری ہاؤسنگ،چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری قانون اور متعلقہ حکام کی بھی اجلاس میں شرکت۔