کوئٹہ،4دسمبر (اے پی پی):وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیرصدارت امن وامان کی صورتحال کے حوالے سے اعلئ سطحی جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ چیف سیکریٹری مطہر نیاز رانا آئی جی پولیس راۓ محمد طاہر ،ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ ارشد مجید کمشنر مکران شاہ عرفان غرشین ڈی آئی جی سپیشل برانچ ،ڈی سی گوادر اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
آئی جی پولیس نے اجلاس کو صوبے میں امن امان کی مجموعی صورتحال جبکہ کمشنر مکران نے گوادر دھرنے سے متعلق صورتحال پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں صوبے میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اجلا س کو آگاہ کیا گیا کہ گوادر تحریک کے قائد مولانا ہدایت الرحمان کے تمام مطالبات تسلیم کر لیۓ گیۓ ہیں حکومت نے دیگر آپشن ہونے کے باوجود صبر تحمل کے ساتھ دھرنے کے شرکاء سے مزاکرات کا عمل جاری رکھاہے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبائی وزراء اور اعلئ حکام نے گوادر دھرنے کے شرکاء کے ساتھ مزاکرات کے چار راؤنڈ کیۓ اور مزاکرات میں طے پاۓ گیۓ امور پر عملدرآمد کا سلسلہ شروع ہےمحکمہ ماہی گیری نے کوسٹ گارڈ اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف موثر اقدامات کیۓ ہیں اور غیر قانونی ٹرالنگ کا بہت حد تک سد باب کیا ہے اور اس میں ملوث افراد کو قید و جرمانے کی سزائیں دی جارہی ہیں۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ حکومت تمام اسٹیک ہولڈرز سے باہمی اعتماد کی فضا میں آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوۓ مسائل کے حل پر یقین رکھتی ہے تاہم دھرنے کے مطالبات میں روزانہ کی بنیاد پر اضافہ مناسب عمل نہیں ہے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوۓ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی کوشش اور خواہش ہے کہ تمام امور کو باہمی اتفاق راۓ سے حل کر لیا جاۓ مزاکرات کے لیۓ حکومت کے دروازے ہر کسی کے لیۓ کھلے ہیں۔وزیراعلئ نے کہا کہ گوادر دھرنے سے ہٹ کر بھی حکومت کی اپنی پالیسی اور وژن کے مطابق گوادر کے پانی اور بجلی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے گزشتہ دنوں تربت میں منعقد ہونے والے اعلئ سطحی اجلاس میں بارڈر ٹریڈ کھولنے کے لیۓ تمام امور طے پا گیۓ ہیں جن پر جلد عملدرآمد کا آغاز ہونے جا رہا ہے اور اسکا فائدہ تربت گوادر پنجگور اور واشک کے عوام کو پہنچے گا انہوں نے کہا کہ ہمیں احساس ہے کہ بیروزگاری تمام مسائل کی جڑ ہے اگر اس مسلئہ کو حل نہ کیا گیا تو ملک دشمن بیروزگار لوگوں کو اپنے مقاصد کے لیۓ استعمال کر سکتے ہیں اس بات کے پیش نظر سرحدی علاقوں کے عوام کو تجارت کرنے کی خصوصی سہولت دی گئی ہے انہوں نے کہا کہ ہم اپنے لوگوں کے روزگار کا ہر صورت تحفظ کرینگے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ بلوچستان کے 12 ناٹیکل میل کے سمندری حدود میں غیر قانونی ٹرالنگ کی مکمل روک تھام کو یقینی بنایا جاۓ وزیراعلئ نے کہا کہ سی پیک میں بلوچستان بلخصوص گوادر کے منصوبوں پر تیز رفتار عملدرآمد یقینی بنائیں گےاور ساؤتھ بلوچستان پیکج پر عملدرآمد سے بھی مکران میں ترقی کے نیۓ دور کا آغاز ہو گا۔انہوں نے کہا کہ عوامی خواہشات کے احترام میں شاہراہوں پر غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کیا گیا ہے جبکہ عوام کی عزت نفس اور احترام کو بھی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے وزیراعلئ نے کہا کہ امن وامان کے قیام کے لیۓ فورسز کی کاوشیں قابل ستائش ہیں جن سے امن کا قیام ممکن ہوا ہے۔