اسلام آباد۔23دسمبر (اے پی پی):وزیرِ اعظم عمران خان نے لاہور میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں صوفی ازم، سائنس اور ٹیکنالوجی کیلئے ابولحسن الشاذلی ریسرچ سینٹر کا افتتاح کیا اور 14 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے سینٹرکی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھا جہاں صوفی ازم کی روشنی میں عملی زندگی کو بہتر طریقے سے گزارنے پر تحقیق کی جائے گی۔جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق ادارے کے مقاصد میں معاشرے کی اصلاح، باہمی برداشت، معاشرتی تنوع کا احترام، صوفی ازم سائنس اور ٹیکنالوجی میں تحقیق کو ترویج دینا، مقامی و بین الاقوامی محققین کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرنا اور طلباو طالبات کو اس شعبے میں تحقیق کیلئے تعلیمی وظائف فراہم کرنا ہے۔اس کے علاوہ سینٹر موجودہ شعبوں جیسا کہ تاریخ، اسلامی تعلیمات، پولیٹیکل سائنس، ادب وغیرہ میں صوفی ازم کے حوالے سے تحقیق و تدریس کو بھی فروغ دے گا۔ سینٹر میں صوفی ازم پر بی ایس اور ایم فل کی سطح کے کورسز کی تعلیم دی جا رہی ہے۔اس کے علاوہ سینٹر پوسٹ ڈاکٹریٹ اور ریسرچ فیلوشپس بھی دے گا۔ مزید یہ کہ سینٹر پی ایچ ڈی کیلئے وظائف بھی فراہم کرے گا جن کی بدولت صوفی ازم کے شعبے پر تحقیق ہوگی۔











