لاہور،20دسمبر (اے پی پی) : وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی کی زیر صدارت پنجاب ایگریکلچرل ریسرچ بورڈ کا 46 واں اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزیر زراعت نے پنجاب ایگریکلچرل ریسرچ بورڈ میں مجموعی طور پر 34 کروڑ33 لاکھ روپے کے 16 منصوبہ جات کی منظوری دی۔پنجاب ایگریکلچرل ریسرچ بورڈ کے اجلاس میں زراعت سے متعلقہ 18 کروڑ روپے سے زائد 06 منصوبوں کی منظوری دی گئی۔ جبکہ لائیو اسٹاک سے متعلقہ 16 کروڑ روپے سے زائد رقم کے 10 منصوبہ جات کی منظوری بھی دی گئی۔ممبران صوبائی اسمبلی پنجاب سید خاور علی شاہ ، مسز شاہدہ احمد اورسیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی سمیت دیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر زراعت پنجاب نے کہا کہ زرعی منصوبہ جات سےکاشتکاروں کی براہ راست خوشحالی وابستہ ہے۔ کمرشل پیمانے کے اہمیت کے حامل منصوبہ جات کو فوقیت دی جائے۔











