پاکستانی تہذیب و ثقافت اور سیاحت کے فروغ کیلئے واشنگٹن ڈی سی کے سکول میں  تقریب کا اہتمام

32

واشنگٹن ڈی سی،04 دسمبر (اے پی پی): سفارت خانہ پاکستان واشنگٹن کے زیر اہتمام پاکستان کی تہذیب و ثقافت اور سیاحت کے فروغ کیلئے واشنگٹن ڈی سی کے سکول میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا۔جس میں سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان سمیت سفارتخانہ کے حکام نے شرکت کی۔

تقریب میں ترجمان پاکستانی سفارتخانہ ملیحہ شاہد نے پاکستان کی ثقافت سیاحت اور تاریخ کے فروغ پر مبنی تفصیلی بریفنگ  دی۔

یہ تقریب “سفارتخانہ پاکستان کے  پروموشن پروگرام” کا حصہ ہے جس میں سفارت خانہ پاکستان اور ڈی سی پبلک اسکولز مل کر کام کریں گے،اس منصوبے کے تحت رواں سال ڈی سی ٹائم میں سرکاری اسکولوں کے ساتھ سال بھر کی سرگرمیوں میں پاکستانی ثقافت و سیاحت کو فروغ دیا جا رہا ہے۔

تقریب میں طلباء میں پاکستان کے پاسپورٹ کی نمائندگی کرنے والے کارڈز تقسیم کیے گئے اور کارڈز پر انٹری سٹیمپ بھی لگا ئی گئی۔سفیر پاکستان ڈاکٹر اسد مجید خان نے طلباء کو سفارتخانہ پاکستان دورے کی دعوت بھی دی۔

تقریب کے اختتام پرطلباء نے پاکستانی پاسپورٹ کارڈزاور نقشہ پر پاکستان کا ورچوئل ٹور بھی کیا اور اردو حروف تہجی بھی سیکھے۔اس موقع پر طلباء کو پاکستانی کھانا  پیش کیا گیا۔

طلباء نے سفیر پاکستان اور سفارتخانہ کے حکام کا شکریہ ادا کیا۔