پاکستان کو مثبت سرگرمیوں کے ساتھ پروان چڑھانا ہے، کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو سے  اولمپین اور چیمپینز نکلیں گے؛ وزیر مملکت   فرخ حبیب

8

اسلام آباد،9دسمبر  (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ پاکستان کو مثبت سرگرمیوں کے ساتھ پروان چڑھانا ہے، کامیاب جوان سپورٹس ڈرائیو سے  اولمپین اور چیمپینز نکلیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے امور نوجوانان محمد عثمان ڈار کے ہمراہ جمعرات کو جناح سٹیڈیم میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ پاکستان کی 60 فیصد آبادی کو مین سڑیم کا حصہ بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ تاریخ کے سب سے بڑے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے انعقاد پر کابینہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام 25 ہزار نوجوان کو اپنا کاروبار شروع کرنے میں مالی اور تکنیکی  معاونت فراہم کر رہا ہے اور کامیاب سپورٹس پروگرام کے ذریعے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کامیاب ہوگا تو پاکستان کامیاب ہو گا۔

فرخ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے کہ اس ملک کے نوجوانوں کو آگے لے کر آئیں، یہی نوجوان ملک کا مثبت چہرہ سامنے لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کے فروغ کے لیے قومی سطح پر پالیسی بنا رہے ہیں، پاکستان کے نوجوانوں میں سپورٹس کا جذبہ دیدنی ہے۔

 وزیر مملکت  نے کہا کہ امید ہے کہ یہی نوجوان کل کو بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا فوکس ہے کہ ملکی سطحی پر سپورٹس کو مزید نظر انداز نہ ہونے دیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کا مستقبل ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

سورس:وی     این ایس، اسلام آباد