پاکستان کیخلاف جھوٹی خبروں اور بھارتی پراپیگنڈہ کو بے نقاب کرنے میں وزارت اطلاعات و نشریات بڑا اہم کردار ادا کر رہی ہے؛ فرخ حبیب

37

لاہور، 31 دسمبر ( اے پی پی ): وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزارت اطلاعات ریاست کے بیانیہ کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، چاہے وہ ففتھ جنریشن وار ہو چاہے وہ فیک نیوز ہو جو پاکستان کے خلاف بھارت دنیا بھر میں پھیلاتا رہا ہے اس کو بے نقاب کرنے میں وزرات اطلاعات کا بڑا اہم کردار رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو یہاں  اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ  تحریک انصاف کی حکومت  نے صحافیوں  کے تحفظ کے لیے بل پارلیمنٹ سے پاس کروایا ہے اور اس کے ساتھ ساتھ میڈیا کارکنان کے معاشی تحفظ کے لیے بھی وزرات اطلاعات کام کر رہا ہے۔

وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ  وزرات اطلاعات کے ماتحت اداروں میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں جن میں  پاکستان ٹیلی ویژن کو ایچ ڈی ٹیکنالوجی پر منتقل کر دیا ہے جبکہ سرکاری نیوز ایجنسی اے پی پی کو ڈیجیٹل ایجنسی بنا دیا، اسی طرح ریڈیو کو پاڈکاسٹ ٹیکنالوجی سے مزین کر دیا گیا ہے۔