پاکستان کی تاریخ میں یوریا کی ریکارڈ پیداوار”33 ملین میڑک ٹن” ریکارڈ کی گئی ، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کی کابینہ اجلاس پر بریفنگ

36

اسلام آباد۔14دسمبر  (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں یوریا کی ریکارڈ پیداوار”33  ملین میڑک ٹن” ریکارڈ کی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ حکومت نے کھاد کی قیمتوں میں استحکام کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے، گزشتہ سال ہماری چار بمپر فصلیں ہوئیں، کسانوں کو 400 ارب روپے کی اضافی آمدن ہوئی، اس وقت یوریا کی قیمت عالمی منڈی میں 10 ہزار روپے کے قریب ہے جو ہمارے ہاں 1700 روپے میں مل رہی ہے۔ قیمتوں میں بہت بڑا فرق ہے۔ وزارت توانائی اور وزارت صنعت نے گیس پلانٹس کو گیس کی سپلائی جاری رکھنے کے لئے اقدامات اٹھائے، مقامی طور پر ہمارے ہاں گیس کی کمی کا مسئلہ ہے لیکن فرٹیلائزر انڈسٹری کو گیس کی سپلائی جاری رکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں یوریا کی سب سے بڑی پیداوار ہوئی جو تقریباً 33 ملین میٹرک ٹن ہے۔ گیس کا مسئلہ درپیش نہ ہوتا تو اس میں مزید اضافہ متوقع تھا۔