اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے جمعرات کو یہاں وفاقی وزیر غذائی تحفظ سید فخر امام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت کی ساکھ اور عوام کے حکومت پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ غریب لوگوں کو براہ راست امداد کی فراہمی عمران خان کا وژن ہے، ہم ن لیگ کی طرح اورینج ٹرین اور بجلی کے مہنگے منصوبے لگا کر معیشت کا بیڑہ غرق نہیں کر رہے، آج پاکستان کی سیاسی قیادت کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بھان متی کا کنبہ اور تھکے ہوئے پہلوانوں کا ٹولہ ہے، اپوزیشن ریت کی دیوار کی مانند ہے جو کھڑی ہوتی ہے اور گر جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نفرت پر مبنی پالیسیاں نہیں چلتیں، اپنا ایجنڈا لوگوں کے سامنے رکھنا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ تک پی ڈی ایم رہ گئی تو لانگ مارچ کرلے گی۔