پشاور، 2دسمبر(اے پی پی): قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جسٹس جاوید اقبال نے نیب خیبر پختونخوا، پشاور کا دورہ کیا جہاں پر ڈی جی نیب خیبر پختونخوا بریگیڈیر (ر) فاروق ناصر اعوان نے چئیرمین نیب کو میگا کرپشن مقدمات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ نیب خیبر پختونخوا نے 1999 سے لیکر اب تک56397 شکایات کی جانچ پڑتال کی، 1940 انکوائریاں اور 765 انویسٹی گیشنر قانون کے مطابق کارروائی کی جبکہ نیب خیبر پختونخوا کے368 بدعنوانی کے ریفرنس احتساب عدالت پشاور میں دائر کئے۔
ڈی جی نیب خیبر پختونخوانے بتایاکہ نیب خیبر پختونخوا نے اب تک 12621 ملین روپے بد عنوان عناصر سے برآمد کئے۔ نیب خیبر پختونخوا کی مو ثر پیروی کی وجہ سے معزز احتساب عدالتوں نے گزشتہ 4سالوں میں 51ملزمان کو سزا سنائی۔ جعلی ہاؤسنگ سو سائٹیز سے غریب اور معصوم عوام کی لوٹی گئی رقوم برآمد کر کے متاثرین میں تقسیم کیں۔
چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے ڈی جی نیب خیبر پختونخوا بریگیڈیر (ر) فاروق ناصر اعوان کی سربراہی میں نیب خیبر پختونخوا کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔