پنجاب میں 8000 ہزار پرائمری سکول اپ گریڈ کئے ؛ڈاکٹر شہباز گل

35

اسلام آباد،3دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ پاکستان میں اگلے انتخابات الیکٹرانک ووٹنگ مشین (ای وی ایم )کے ذریعے کرائے جائیں گے اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق بھی ملے گا جبکہ پنجاب میں آئندہ بلدیاتی انتخابات بھی ای وی ایم کے ذریعے کروانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، گزشتہ 7 دہائیوں  میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق نہ دینا قومی جرم ہے، پنجاب میں 8000 ہزار پرائمری سکول اپ گریڈ کئے۔

جمعہ کو گوجرانوالہ میں اوور سیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے  انہوں نے کہا  کہ میں خود ایک اوور سیز پاکستانی ہوں اس لئے میں سب سے پہلے 90 لاکھ اوور سیز پاکستانیوں کی بات کروں گا، اوور سیز پاکستانیوں کی سب سے زیادہ تعداد مڈل ایسٹ میں ہیں، وزیراعظم عمران خان واحد شخص ہیں جو  اوور سیز پاکستانیوں کی صلاحیتوں اور تکالیف کو سمجھتے ہیں،عمران خان جانتے ہیں کہ اوور سیز پاکستانی  ملک  کی کس طریقے سے خدمت کرسکتے ہیں، اوور سیز پاکستانی محنت مزدوری کرکے کمایا ہوا سارا پیسہ فوراً پاکستان بھیج دیتے ہیں،  پچھلی سات دہائیوں میں ان کو ووٹ کا حق نہ دینا ایک قومی جرم تھا، یہ سہرا وزیراعظم عمران خان کے سر جاتا ہے جنہوں نے اپنے کیے ہوئے وعدہ کے مطابق  انہیں ووٹ کا حق دلایا ہے۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ملک میں جمہوریت کے استحکام اور صاف ستھری سیاست پر یقین رکھتی ہے، سیاسی جماعتیں انتخابات میں دھاندلی کا شور مچاتی رہی ہیں لیکن پی ٹی آئی واحد جماعت ہے جس نے انتخابی اصلاحات کی ذمہ داری اٹھائی اور اس ضمن میں قانون سازی کی گئی ہے جس کے تحت آئندہ انتخابات (ای وی ایم )کے ذریعے کرائے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ دھاندلی کا خاتمہ ہوگا اور پاکستان کو جمہوری لحاظ سے تقویت دینے میں مدد ملے گی، سمندر پار پاکستانی وطن عزیز کا قیمتی اثاثہ ہیں وہ کثیر زرمبادلہ کے ذریعے ملکی ترقی میں اپنا حصہ ڈالتے ہیں، پی ٹی آئی کی حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کو یقینی بنایا ہے۔

 ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ پنجاب میں بہت جلد بلدیاتی انتخابات کے خدوحال سامنے آ جائیں گے کہ کس طریقے سے پنجاب کے 36 اضلاع ، 9 ڈویژنوں  ،گجرات اور سیالکوٹ کے اندر لارڈ میئر ہوں گے اور باقی اضلاع میں ڈسٹرکٹ ناظم یا اور کوئی عہدہ جس کے نام کا تعین کیا جائے گا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک ایسے بلدیاتی  نظام کے خواہاں ہیں جس میں حقیقی طور پر اقتدار کی منتقلی ہوگی، اس نظام کے تحت  منتخب نمائندہ صرف نام کا نمائندہ نہیں ہوگا بلکہ اس کے پاس اختیارات ہوں گے۔

 ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ عوام کا منتخب نمائندہ اپنے حلقے کے سکول، ہسپتال اور دیگر چیزوں کا فیصلہ کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام سے کیے گئے وعدوں کو پورا کر رہی ہے اور وہ عوام کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہیں سہولت فراہم کرنے کیلئے خاطر خواہ اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن نے کام کیا ہے اور پاکستان کی لوٹی ہوئی دولت جو شہبازشریف کے دس سالوں میں صرف  دو سے تین ارب اور ہمارے تین سالوں میں پانچ سو ارب سے زیادہ  بازیاب کرائی گئی ہے۔

ڈاکٹر شہباز گل نے پنجاب میں سکولوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ شہبازشریف نے اپنے 10 برسوں میں 15 سو سکولوں کو پرائمری سے مڈل میں کرایا جبکہ پی ٹی آئی اس سال کے آخر تک 8 ہزار سکولوں کو پرائمری سے مڈل کر چکی ہو گی جبکہ اپنی پانچ سالہ مدت پوری ہونے تک پورے پنجاب میں 27 ہزار سکول کو  پرائمری سے مڈل میں اپ گریڈ کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)نے پانچ برسوں میں 682 کلومیٹر سڑکیں بنائیں جبکہ پی ٹی آئی نے اپنے پہلے تین برسوں میں 2 ہزار تین سو کلو میٹر سڑکیں بنائیں۔ انہوں نےکہا کہ یہ سچ ہے پی ٹی آئی نے زیادہ سڑکیں بلوچستان میں بنائیں   اس کا حق ہے کہ اسے سہولتیں دی جائیں، پی ٹی آئی نے  یہ  حق ادا کیا ہے۔

 معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اپنے وعدے پورے کرےگی ، آپ کو حوصلے کے ساتھ کپتان کے ساتھ کھڑا ہونا ہے،کیونکہ ایک طرف وزیر اعظم عمران خان ہے اور ایک طرف 70 برس کا مافیا ہے اس لئے وقت لگے گا ، 75 سال کا گند تین سالوں میں نہیں ہوسکتا۔ وزیراعظم عمران خان سارے کام کریں گے، لٹیروں کو جیلوں میں ڈالیں گے ، ان سے لوٹا ہوا پیسہ واپس لیں گے اور غریبوں کو ان کا حق دلائیں گے۔