لاہور 22 دسمبر ( اے پی پی ) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب حسان خاور نے گذشتہ روز الحمراء میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پختونخوا الیکشن میں شکست کی ذمہ داری قبول کر کے عمران خان نے مثالی لیڈر شپ کا مظاہرہ کیا ہے۔ اور ہار کی صورت میں الزام تراشی کی سیاست کی حوصلہ شکنی کی ہے۔ یہ ویثرن دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کو بھی اپنانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی اعتبار سے لاہور کی قسمت بدل رہی ہے۔ سالہا سال سے لاہور بارشی پانی میں ڈوب جاتا تھا۔ ہم اس مسئلہ کا احاطہ کرنے کیلئے سائنسی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ دوسری جانب ٹریفک کا بہاؤ کنٹرول کرنے کیلئے انڈر پاسز اور اوور ہیڈ برجز بن رہے ہیں جبکہ صحت کی سہولیات بہتر بنانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیگی قیادت عدالتوں سے جتنا مرضی بھاگ لے، احتساب سے نہیں بچ سکتی۔











