اوکاڑہ،22دسمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنرکیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا ہے کہ کرسمس محبت،ایثار اور خوشیوں کا تہوار ہے پاکستان کا ہر شہری خواہ وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتا ہو وہ پاکستان سے محبت اور بھائی چارے کی بدولت ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے پاکستان کی ترقی و خوشحالی امن استحکام اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لئے اقلیتو ں نے با لعموم اور مسیحی برادری نے بلخصوص اپنا کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان میں ہر شخص کو مذہبی آزادی حاصل ہےپاکستان میں اقلیتیں ناصرف محفوظ ہیں بلکہ انہیں برابری کے حقوق حاصل ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ کلب اوکاڑہ میں کر سمس کا کیک کاٹتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسیحی برادری کے نمائندہ افراد اور ڈسٹر کٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال کے مسیحی ملازمین بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے کہا کہ وطن عزیز میں تمام شہری برابر کے حقوق رکھتے ہیں اور ہر شخص کوآئین پاکستان کے تحت آزادانہ زندگی گذارنے کا حق حاصل ہے پاکستان تمام اقلیتوں کے لئے ایک محفوظ ترین ملک ہے انہوں نے پاکستان کی تعمیر و ترقی میں خصوصی کردار ادا کرنے میں اقلیتوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ہم سب کا ملک ہے اور ہمیں اس کی تعمیر و ترقی اور حفاظت کے لئے مل جل کر اقدامات کرنا ہیں۔











