چنیوٹ ، 10 دسمبر (اے پی پی ): انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالے سے قائد اعظم اکیڈمی چنیوٹ میں سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد کیا گیا، جسکی صدارت مہمان خصوصی ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید نے کی۔
سیمینار میں شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ معاشرے میں دوسروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے،نبی کریم ﷺ نے خطبہ حج الوداع کے موقع پر کہا تھا کہ کسی عربی کو عجمی پر اور کسی عجمی کو عربی پر برتری حاصل نہیں ہے۔
انکا مزید کہنا تھا کہ انسانوں کے ساتھ بھلائی اور حسن سلوک کے ساتھ پیش آنا ہی اسلام کا درس ہے اور کسی بھی شخص کو دوسرے انسان کی آزادی کو ختم کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے۔
تقریب کے اختتام پر انکا کہنا تھا کہ سب انسانوں کے حقوق برابر ہیں اور اسلام نے عورتوں کے حقوق پر بہت زور دیا ہے۔
بعد ازاں قائداعظم اکیڈمی سے ختم نبوت چوک تک آگاہی واک کا بھی اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال شہباز خان، سی ای او ایجوکیشن ملک ظفر عباس ریحان،پرنسپل کالج ہذا مہر اشرف ہرل،چیئرمین ہیومن رائٹس ہیبت خان لک،اساتذہ کرام، ضلعی افسران، طلباء و طالبات و دیگرسول سوسائٹی کے افرادنے شرکت کی۔