ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر کی ہدایات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن

27

گلیات، 09 دسمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد کیپٹن ریٹائرڈ ندیم ناصر کی ہدایات پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کیا گیا۔ ریونیو افسران، این ایچ اے اور پولیس کی موجودگی میں موٹر وے انٹرچینج پر ملٹی سٹوری  بلڈنگ کو گرا دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر ایبٹ آبا نے کہا کہ  شاہراوں آبی گزرگاہوں اور سرکاری زمین پر تجاوزات کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اسسٹنٹ کمشنر ایبٹ آباد محمد حسان احسن کی نگرانی میں جاری اینٹی انکروچمنٹ آپریشن میں موٹر وے انٹرچینج مسلم آباد حویلیاں میں انٹرچینج سے ملحقہ این ایچ اے کی پراپرٹی پر تجاوزات کے خلاف کاروائی عمل میں لائی گئی۔ این ایچ اے کی جانب سے جاری نوٹس پر وقت گزرنے کے باوجود عملدرآمد نہ ہونے پر کاروائی عمل میں لائی گئی اور ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈ،این ایچ اے، پولیس ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر-1 علی شیر اور ریونیو افسران کی موجودگی میں ملٹی سٹوری بلڈنگ کو گرایا گیا۔

تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون یقینی بنائیں اور سرکاری زمین پر قائم تجاوزات کو اپنی مدد آپ کے تحت ختم کریں تا کہ ٹریفک اور نکاسی آب و سیوریج کے مسائل سے بچا جا سکے۔