ڈی ایس پی اٹک صدر سرکل جاوید اختر جتوئی کی ایس ایچ او تھانہ سٹی اٹک کے ہمراہ پریس کانفرنس

93

اٹک، 22دسمبر(اے پی پی): اٹک کے صرافہ بازار میں ڈکیتی کرنے والے 7ملزمان کا ماسٹر مائنڈ مدعی کا چچا زاد بھائی اور صرافہ یونین کا ممبر نکلا، یونین کے ساتھ ملکر پولیس کے خلاف احتجاج میں بھی شامل رہا،گینگ کے 6 ارکان گرفتار کر کے میڈیا کے سامنے پیش کر دیئے، ڈی ایس پی اٹک صدر سرکل جاوید اختر جتوئی نے ایس ایچ او تھانہ سٹی اٹک کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ رواں سال 22نومبر کو صرافہ بازار اٹک میں اسلحہ کے زور پر ڈکیتی کی واردات ہوئی جس میں ملزمان زیورات اور نقدی لوٹ کر فرار ہو گئے، اس پرمتاثرہ صراف حیدر علی ولد آفتاب الٰہی ساکن شین باغ خورد تحصیل و ضلع اٹک نے تھانہ سٹی میں تحریری درخواست دی کہ میں اور میرے بھائی محمد شعیب نے H بلاک پرانا اڈہ سو جنڈا باٹا ایک جیولری کی دکان حیدر جیولر کے نام سے بنا رکھی ہے، آج صبح میں اور میرا بھائی محمد شعیب دکان پر موجود تھے کہ دو نا معلوم اشخاص مسلح پسٹل جنکی عمریں 30/25 سال جو پٹھان معلوم ہوتے تھے ہماری دکان میں داخل ہوئے اور اسلحہ کی نوک پر 16/15 تولے سونا، چار لاکھ نقدی کیش اور 20 گرام خالص سونا چھین کر موٹر سائیکل پر فرار ہو گئے جس پر تھانہ سٹی اٹک میں مقدمہ درج ہوا، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک رانا شعیب محمود نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ٹیم تشکیل دی اور نا معلوم ملزمان کو ٹریس کر کے فوری گرفتار کرنے کے احکامات جاری کئے جس پر ٹیم نے روایتی انداز میں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے صرافہ یونین کے ممبر عامر الہٰی ولد محبوب الہی سکنہ شین باغ اٹک کو گرفتار کیا اور تفتیش کرنے پر وہی اس واردات کا ماسٹر مائنڈ نکلا جس نے انکشاف کیا کہ اس واردات کیلئے میں نے صرافہ یونین کے سابق ممبر عبدالخلیل اعوان عرف بخشی ولد احمد دین اعوان سکنہ ٹھٹہ جنڈ حال مقیم تین میلہ اٹک کے ہمراہ منصوبہ بندی کی تھی جس میں کامیاب ہوئے۔

دوران تفتیش ایک انکشاف یہ بھی ہوا کہ مدعی مقدمہ حیدر علی ڈکیت عامر ا لٰہی کا چچا زاد بھائی بھی ہے اور وقوعہ کے روز احتجاج میں بھی پیش پیش رہا ہے، تفتیش کے دوران ملزم عامر الہٰی نے مزید بتایا کہ اسکے ہمراہ اس واردات کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں مجاہد خان ساکن مردان حال مقیم مہر کالونی راولپنڈی، علی حید ر ساکن چکوال حال مہر کالونی راولپنڈی،محمد اسلم ساکن شین باغ،حکمت اللہ خان سکنہ مہر کالونی راولپنڈی، احمد خان عرف دوست محمد ساکن فوجی کالونی راولپنڈی شامل تھے۔وقوعہ سے ایک دن قبل عامر الہی اور عبدالخلیل اعوان عرف بخشی نے محمد اسلم کو بلایا اور اسکو 4 مزید ڈکیت اس گینگ میں شامل کرنے کا کہہ کر اسکو مدعی مقدمہ کی دوکان دکھائی اور واردات کے بعد بھاگ جانے کے راستے بھی دکھائے اور ذہن نشین کرانے کیلئے وقوعہ کے روز دوبارہ محمد اسلم کو راستے اور دوکان دکھائی۔محمد اسلم کے بلائے گئے 4 ساتھیوں میں حکمت اللہ خان اور احمد خان عرف دوست محمد دکان کے اندر گئے جبکہ مجاہد خان اور علی حیدر دونوں دکان کے قریب موجود رہے  تا کہ مزاحمت کی صورت میں اپنے گینگ کے ممبران کی مدد کر سکیں۔پولیس نے اس عامرگینگ کے 6 ممبران کو گرفتار کر کے ان سے چھینی گئی رقم اور سونے میں  سے4 لاکھ 53 ہزار روپے،1 موٹرسائیکل زیمکو، ایک جوڑی کانٹے اور ایک انگوٹھی برآمد کر لئے جبکہ ایک ملزم احمد خان عرف دوست محمد کی گرفتاری بقایا ہے۔ملزمان تا حال ریمانڈ جسمانی پر حوالات تھانہ بند ہیں جن سے مزید تفتیش جاری ہے اور واردات میں استعمال ہونے والا اسلحہ ناجائز کی برآمدگی بھی بقایا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک رانا شعیب محمود نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر پولیس ٹیم کو تعریفی سرٹفیکیٹس دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹک پولیس کسی بھی جرم کا کھوج لگانے اور مجرمان کو گرفتار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔