لاہور 15 دسمبر(اے پی پی): گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ تعلیم کے میدان میں لڑکیاں ہمیشہ لڑکوں سے آگے رہتی ہیں۔تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامیاب نو جوان پروگرام نو جوانوں کو کار آمد شہری بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے ۔نوجوان نسل تبدیلی کا محرک ہے اور صدر مملکت عارف علوی خواتین کے حقوق دلوانے کے بڑے حامی ہیں۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ نوجوانوں کی صلاحیت کو دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، وزیراعظم عمران خان نوجوانوں کی بہتری کے لیے کئی اقدامات کررہے ہیں۔گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہوتی ہے کہ نوجوان نسل کی وجہ سے قائد اعظم کا خواب پورا ہو گا، ہماری یونیورسٹیوں میں لڑکیاں لڑکوں سے بہتر کام کر رہی ہیں۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ خواتین کو وراثت میں حصہ دلوانے کے لیے مہم چل رہی ہے۔