اوکاڑہ،18دسمبر(اے پی پی): ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مدثر فارقلیط نے کہا ہے کہ کرسمس کا تہوار صلح، سلامتی، امن، بھائی چارہ،محبت اورخوشیاں بانٹنے کا دن ہے، حضرت عیسٰی علیہ السلام کی زندگی سادگی حلیمی اور محبت کے سبق سے بھر پورہے،پاکستان میں تمام اقلیتوں کو برابر کے حقوق حاصل ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف جی چرچ اور ناصری چرچ میں کرسمس کی تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ تقریب میں کرسمس کمیونٹی کے مرد و خواتین ،بچوں ،مذہبی رہنماؤں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔انہوں نے کہا کہ کرسمس کے مقدس تہوار کے موقع پر ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم اپنے ذاتی مفادات سے بالا تر ہو کرانسانیت کی فلاح وبہبود پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے سے بے لوث ہو کر کام کریں گے، ہمیں پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے اور یہاں پر بسنے والے تمام انسانوں کی بہتری کے لئے مذہب رنگ ، نسل ، عقیدہ اور فرقہ سے بالا تر ہو کر جرات ،حوصلہ مندی سے بہتری کے لئے کام کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ عہد کرنا ہے کہ ہم سچائی اور انصاف کی سر بلندی کے لئے پورے خلوص سے کام کریں گے ہمیں محبت ، انسانیت کی خدمت اور معاشرتی ترقی، استحکام اور ملک کو دہشت گردی اور جرائم سے پاک کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کرنا ہے ۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مدثر فارقلیط نے کہا وطن عزیز کی ترقی میں مسیحی بھائیوں نے جو کردار ادا کیا ہے کہ وہ تاریخ کا حصہ ہے قیام پاکستان سے لیکر آج تک مسیحی کمیونٹی پاکستان کے امن،ترقی ، خوشحالی کے لئے بھر پور اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مسلمان عیسائی اور دوسری اقلیتیں جس امن اور بھائی چارہ سے رہ رہے ہیں وہ بھی پوری دنیا کے لئے مثال ہے ۔
قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو مدثر فارقلیط نے کرسمس کا کیک کاٹا اوربچوں میں تحائف بھی تقسیم کئے بچوں نے کرسمس کے حوالہ سے ٹیبلو پیش کئے اور گیت بھی گائے۔
سورس: وی این ایس، اوکاڑہ