لاہور،25 دسمبر(اے پی پی):کرسمس کے موقع پر کمشنر لاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان نے مسیحی قیدیوں سے خصوصی ملاقات کی۔کمشنر نے قیدیوں کو کرسمس کے تحائف دئیےاور جیل کے تمام قیدیوں میں کرسمس کی مناسبت سے مٹھائی تقسیم کی۔
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مسلمانان عالم یوم کرسمس کا بےحد احترام کرتے ہیں اور خوشیاں بانٹتے ہیں، ایسی خوشیاں سانجھی ہوتی ہیں، جیل میں قید افراد کے چہروں پر آج موجود خوشی ہماری اپنی خوشی ہے۔
اس سے قبل کمشنر لاہور کی آمد پرجیل انتظامیہ نے ان کا پُرتپاک استقبال کیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے انھیں سلامی دی۔ انہوں نے کہا کہ بحثیت کمشنر یوم کرسمس پر جیل میں بند افراد کی خوشیوں میں شامل ہونا میرے لیے اعزاز ہے۔
کمشنر لاہور نے تمام جیل قیدیوں سے گفتگو کی اور قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لئے جیل انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا۔
کمشنر لاہور نے جیل یادداشتی کتاب میں تاثرات بھی تحریر کیے اور جیل میں صفائی،کھانے کے معیار اور قیدیوں کے مثبت تاثرات پر جیل افسران کو خراج تحسین پیش کیا۔
پولیس افسران اور ضلعی افسران بھی اس موقع پر کمشنر لاہور کے ہمراہ موجود تھے۔
سورس: وی این ایس،لاہور











