ملتان، 9دسمبر (اے پی پی): کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے عالمی یوم انسداد رشوت ستانی پر اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد عوام میں رشوت ستانی کے خلاف شعور بیدار کرناہے، کرپشن فری پاکستان مضبوط پاکستان کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن ظلم ہے اور دوسرے کا حق غضب کرنے کا نام ہے۔کرپشن کے خاتمے کیلئے ہمیں قناعت پسندی کو اپنانا ہوگا۔
کمشنر ڈاکٹر ارشاد احمد نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت سرخ فیتہ کلچر، کرپشن کے خاتمہ بارے متحرک ہیں۔حکومت پنجاب کی ہدایت پر ریونیو عوامی خدمت کچہری، سیٹزن پورٹل کے ذریعے عوامی شکایات کو میرٹ پر حل کیا جارہا ہے اور وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے کہا کہ معاشرے میں کرپشن کے خاتمے کے لئے لیڈرشپ کا کردار بہت اہم ہوتا ہے،ہر محکمے کے سربراہ کو بطور لیڈراپنے محکمے میں کرپشن کے خاتمے میں کردار ادا کرنا ہوگا۔اگر کوئی اہلکار ایمانداری اور محنت سے جی چرائے گا تو وہ محکمے کے زوال کا سبب بنے گا اور پورے سسٹم میں خرابی پیدا ہوجائے گی۔
کمشنر نے کہا کہ بچوں کی بہتر انداز میں تربیت سے معاشرے کو آئیڈیل بنایا جاسکتاہے۔کسی بھی بچے کا پہلا رول ماڈل اس کے والدین ہوتے ہیں جن سے سیکھنے کا وہ آغاز کرتا ہے، دوسرا رول ماڈل مسجد کا امام ہوتا ہے جہاں وہ بچپن میں اپنے والد کے ساتھ نماز کی ادائیگی کے لئے جاتا ہے اور تیسرا رول ماڈل اس کا ٹیچر ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ تین رول ماڈلز بچے کی تربیت میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں 15سال کے طالب علم کو اس کے والدین موٹرسائیکل خرید کر دے دیتے ہیں جس کے ذریعے وہ سکول، کالج اور اکیڈمی جاتا ہے۔ والدین اور ٹیچر اسے یہ نہیں سمجھاتے کہ18سال کی عمر کو پہنچنے سے پہلے موٹرسائیکل چلانا جرم ہے۔ ایسے بچے جب بڑے ہوں گے تو قانون کا کس طرح احترام کریں گے۔ معاشرے میں موجود تنزلی اور افراتفری کی بنیادی وجہ کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے کو کرپشن سے پاک کرنے کے لئے ہمیں قناعت پسندی کو اپنانا ہوگا۔ قوانین پر عمل درآمد نہ ہونے کی وجہ سے معاشرے میں خرابیاں جنم لیتی ہیں اور کرپشن یا رشوت ستانی ان میں سے ایک ہے۔کرپشن ظلم کی ایک صورت ہے جس سے ایک شخص کسی کا حق غصب کرتا ہے اور اس طرح معاشرے کو کھوکھلا کرتا ہے۔
بعدازاں کمشنر ملتان ڈویژن ڈاکٹر ارشاد احمد نے نیب ملتان کے زیر اہتمام انسداد رشوت ستانی آگاہی واک و سیمنار میں بھی شرکت کی۔
سورس: وی این ایس، ملتان