ملتان 6 دسمبر ( اےپی پی): سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ جنوبی پنجاب تنویر اقبال تبسم نے کہا ہے کہ میڈیا ریاست کا چوتھے ستون ہونے کے ساتھ ساتھ معاشرے کے مانیٹر کا کردار بھی ادا کرتا ہے اور کسی بھی بحران،چاہے وہ مقامی، قومی یا بین الاقوامی سطح پر ہو، کی صورت میں میڈیا کے کردار کی اہمیت نہایت اہم ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ہوٹل میں محکمہ پرائمری وسیکنڈری ہیلتھ کیئر جنوبی پنجاب اور عالمی ادارہ صحت کے باہمی اشتراک سے ”بحرانی صورت اور بین الاقوامی سطح پر وبائی امراض کی رپورٹنگ” بارے منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ حالیہ عالمی وباء کوروناکی حفاظتی تدابیر بارے آگاہی دور دراز علاقوں تک عوام تک صرف میڈیا کی بدولت ہی پہنچی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ پرائمری اور سیکنڈری ہیلتھ کیئرجنوبی پنجاب میڈیاکی جانب سے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کرتا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر انفارمیشن ملتان سجاد جہانیہ نے کہا کہ دورِ حاضر میں میڈیا عوام کو معلومات پہنچانے اور معاشرہ میں پائی جانے والی ناہمواریوں کو ارباب ِ اختیار تک پہنچانے کے لیے نہایت کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔ جہاں ریاست کے دوسرے ادارے عوام کو سروس ڈیلیوری کے لیے مصروفِ عمل رہتے ہیں وہیں میڈیا سے منسلک لوگ دن رات لوگوں کو معلومات پہنچانے کے لیے کام کررہے ہوتے ہیں۔