لاہور،01 دسمبر (اے پی پی): چیف سیکرٹری پنجاب کامران علی افضل کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کا ویڈیو لنک اجلاس منعقد ہوا جس میں کھاد کی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ مؤثر اقدامات کے باعث کھاد کی قیمت میں کمی آئی ہے۔ انھوں نے ہدایت دی کہ افسران کھاد کی قیمتوں اور دستیابی کی نگرانی جاری رکھیں۔ کسی کو کسانوں کا استحصال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، کھاد کی ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کرنے والوں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔ ذخیرہ اندوزوں سے ضبط کئے گئے سٹاک کو مقررہ قیمت پر مارکیٹ میں فروخت کیا جائے۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ کرپشن میں ملوث سرکاری افسران اور اہلکاروں کیخلاف بھی ایکشن لیا جا رہا ہے۔ چیف سیکرٹری نے سرحدی اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو گندم اور آٹے کی سمگلنگ کی روک تھام سے متعلق اقدامات کرنے کی ہدایت بھی دی۔