گلگت بلتستان کی سیاحت سے 30 سے 40 ارب ڈالر کمائے جا سکتے ہیں، وزیراعظم کاعوامی جلسے سےخطاب

35

سکردو۔16دسمبر  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو یہاں سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سٹریٹیجک جگلوٹ سکردو روڈ کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی سیاحت سے 30 سے 40 ارب ڈالر کمائے جا سکتے ہیں۔

 وزیراعظم نے کہاکہ سیاحت پاکستان کا اثاثہ بن سکتا ہے۔ گلگت بلتستان کےمقابلہ میں سویٹزر لینڈ کا رقبہ آدھاہے لیکن وہ سیاحت سے سالانہ 70 ارب ڈالر کماتے ہیں جبکہ پاکستان کی سالانہ کل برآمدات 30 ارب ڈالر تک ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ وہ کئی لوگوں سے ملے ہیں جو سویٹزرلینڈ اور آسٹریا سے یہاں آئے وہ خود کہتے ہیں کہ سویٹزر لینڈ اور آسٹریا ان علاقوں کے برابر نہیں ۔یہاں دونوں موسموں میں سیاحت کےمواقع موجود ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہاں سے آزاد کشمیر کو ملانے والی روڈ سے فاصلے مزید کم ہوں گے۔ آسانیاں ہوں گی تو سیاحت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کو ہدایت کی کہ وہ  علاقے کی  زمین کاپوری   طرح دھیان رکھیں ،باہر سے لوگ  یہاں آکر مہنگے داموں زمینیں خریدیں  گے ۔ یہاں پہلے ہی زمین کم ہے ۔ یہاں ریزارٹ بنانےہیں ان کے لئے اراضی رکھیں کیونکہ اگر ہم سوچ سمجھ سے کام لیں تو صرف گلگت بلتستان سے30 سے 40 ارب ڈالرسیاحت سے حاصل کر سکتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا  کہ پاکستان میں مذہبی سیاحت کے بھی وسیع مواقع ہیں ۔   گندھارا تہذیب کے آثار ، کٹاس راج  سمیت ہندوئوں کے لئے سیاحتی مقامات موجود ہیں۔ صوفی ازم کے لئے بڑی بڑی درگاہیں موجود ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس کے علاوہ پاکستان کے پاس وسیع و عریض سمندری حدود موجود ہیں۔ وہاں ریزارٹ بن سکتے  ہیں۔ اللہ نے اس ملک کو جو جو نعمتیں دی ہیں ان سے ابھی فائدہ نہیں اٹھایاجاسکا۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقامی اورعالمی سطح پر اس علاقے میں سیاحت کےفروغ سے مقامی لوگوں کو فائدہ حاصل ہو گا۔