اسلام آباد۔14دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے منگل کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ گوادر کے مسائل اور صورتحال کا جائزہ لینے 2 وفاقی وزراء گوادر جائیں گے۔چوہدری فواد حسین نے کہا کہ گوادر میں پینے کے صاف پانی کے منصوبوں پر اسلام آباد سے زیادہ خرچ کیا گیا ہے، 700 ارب روپے کا سدرن بلوچستان پیکیج کا اعلان کیا گیا، اس رقم میں سے 560 ارب روپے خالص وفاق کا پیسہ ہے۔ اتنے بڑے فنڈز دینے کے باوجود مسائل حل نہ ہوں تو ان منصوبوں کا از سر نو جائزہ لینے کی ضرورت ہے کہ اتنا پیسہ وفاق سے صوبوں میں منتقل ہو رہا ہے اور منصوبوں پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں وفاقی وزراءگوادر جا کر جامع رپورٹ وزیراعظم کو پیش کریں گے۔