ملتان، 16 دسمبر ( اےپی پی): چئیرمین پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان مخدوم شعیب اکمل ہاشمی، پرنسپل گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول ملک حاجی جہانگیر احمد انصاری اور صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم نے کہا ہے کہ 16 دسمبر پاکستان کی تاریخ کا سیاہ باب ہے جس میں دو بڑے سانحات ہوئے 1971 کو سانحہ مشرقی پاکستان اور 2014 کو سانحہ آرمی پبلک سکول کی یاد سے قوم افسردہ ہو جاتی ہے دشمن نے معصوم بچوں پر حملہ کر کے بزدل ہونے کا ثبوت دیا۔ اس واقع نے پوری قوم کو متحد کر کے ایک جگہ اکٹھا کیا اور پوری قوم نے یکجہتی کے ساتھ پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کو ختم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا شہدائِے اے پی ایس کی عظیم و لازوال قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا اس سانحہ نے پوری قوم کو متحد و یکجا کرنے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو نئی زندگی بخشی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بحیثیت مہمانانِ خصوصی 16 دسمبر سانحہ مشرقی پاکستان اور یومِ شہدائِے اے پی ایس پشاور کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے سلسلے میں ینگ پاکستانیز آرگنائیزیشن ملتان اور پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمیشن ملتان کے زیرِ اہتمام گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول ملتان میں منعقدہ خصوصی سمینار ’’شہدائِے آرمی پبلک سکول پشاور کو سلام‘‘ سے خطاب میں کیا۔