سکردو۔16دسمبر (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے جمعرات کو یہاں سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ اور سٹریٹیجک جگلوٹ سکردو روڈ کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ50 ہزار سے کم آمدنی والے خاندانوں کوآٹا، گھی اور دالوں پر 30 فیصد رعایت ملے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس وقت ساری دنیا کو مہنگائی کاسامنا ہے ۔ کورونا لاک ڈائون کی وجہ سے سپلائی لائن رک گئی،تجارت بند ہو گئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت غریب طبقے کی مشکلات کو مد نظر رکھتے ہوئے آٹے، گھی اور دالوں پر 50 ہزار سے کم آمدن کے حامل افراد کو 30فیصد رعایت دینے کے لئے احساس راشن کارڈ کامنصوبہ لے کر آئی ہے۔ اس کے علاوہ ہر شہری کو ہیلتھ انشورنس کے لئے صحت کارڈ دے رہے ہیں ۔ امیر ممالک میں بھی ہر شہری کو یہ سہولت دستیاب نہیں۔ گلگت بلتستان ، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخوا میں ہر گھرانے کو یہ سہولت میسر ہے۔ پنجاب میں اگلے تین ماہ میں یہ سہولت میسرآ جائے گی۔ اس سے ایک گھرانے کو 10 لاکھ روپے تک کی ہیلتھ انشورنس میسر ہو گی جس سے وہ کسی بھی سرکاری و پرائیویٹ ہسپتال میں اپنا علاج کروا سکیں گے ۔وزیراعظم نے کہا کہ غریب گھرانوں کے ہونہار بچوں کو اچھی اور فنی تعلیم سے اوپر اٹھا سکتے ہیں۔ ایک ہنر مندفردسارے خاندان کو اوپر اٹھا سکتا ہے۔ ہم نے 20 لاکھ خاندانوں کے لئے یہ سکالرشپ پروگرام شروع کیا ہے