اس سال تاریخی برآمدات ہوئی ہیں، آئندہ سال برآمدات میں مزید اضافہ ہو گا ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار کا نیشنل سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز پالیسی21-2020ء کے اجراء کے موقع پر تقریب سے خطاب

23

اسلام آباد۔19جنوری  (اے پی پی): وفاقی وزیر صنعت و پیداوار مخدوم خسرو بختیار نے  بدھ کو یہاں نیشنل سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز (ایس ایم ای) پالیسی 2020-21ء کے اجراء کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے  کہ وزیراعظم عمران خان کی رہنمائی اور ہدایات کی روشنی میں پاکستان میں پہلی بار جامع اور مربوط ایس ایم ای پالیسی جس کی کابینہ نے منظوری دی تھی، کا آج اجراء کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال تاریخی برآمدات ہوئی ہیں، آئندہ سال برآمدات میں مزید اضافہ ہو گا، اس میں بڑا حصہ ایس ایم ایز کا ہے، پچھلی حکومتوں نے اس سلسلہ میں کچھ نہیں کیا اور ایسی پالیسیاں بنائیں جو ملک کیلئے فائدے مند نہیں تھیں، ساہیوال میں امپورٹڈ کوئلہ پر پاور پلانٹ لگایا، اس کی کوئلہ کی ٹرانسپورٹیشن کی لاگت بھی بہت زیادہ ہے، بجلی پیدا کرنے کا زیادہ تر دارومدار امپورٹڈ فیول پر تھا لیکن ہماری حکومت نے مقامی وسائل کو بروئے کار لا کر ملکی برآمدات کو بڑھانے کی کوشش کی تاکہ نوجوانوں کو روزگار کے مواقع مل سکیں اور دولت کی پیداوار ہو۔