اٹک میں کسی بھی شدید بارشوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہر طرح سے تیار ہیں؛ ڈپٹی کمشنر عمران حامد

35

اٹک، 21 جنوری (اے پی پی ):  ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے کہا ہے کہ ضلع اٹک میں کسی بھی ہنگامی صورتحال یا شدید بارشوں کی صورت میں حالات سے نمٹنے اور عوام کو مدد فراہم کرنے کے لیے ہر طرح سے تیار ہیں، مختلف محکموں کی رپورٹس کے پیش نظر ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام متعلقہ محکموں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے ضلعی ایمرجنسی بورڈ  کے اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں متعلقہ محکموں نے بارش کی صورت میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے بریفنگ دی اور بتایا کہ تمام محکموں نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیاری مکمل کر رکھی ہے۔

ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام افسران اور عملہ بارش کے دنوں میں فیلڈ میں موجود رہیں اور وہ تمام سرگرمیوں کی نگرانی خود کریں گے۔

اجلاس میں سول ایڈمنسٹریشن ایکٹ کے تحت ضلع اٹک کے شہروں میں ہیوی ٹریفک کیلئے صبح 9 سے شام 9 بجے تک داخلے پر پابندی عائد کردی گئی تاکہ شہروں کے اندر ٹریفک کے مسائل پیدا نہ ہوں۔اس کے علاوہ کسی بھی قسم کی ہنگامی صورتحال سے نبردآزما ہونے کے تمام محکموں کو جامع منصوبہ تیارکرنے کی بھی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر وقار علی خان،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محسن اشرف، سی ای او ایجوکیشن ملک محسن عباس ڈی ایس پی ٹریفک چودھری مسرت عباس، سی او ایم سی اٹک عظمت فرید وڑائچ سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔