ایسی طویل المدت منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جس سے  شہروں کا انتظام و انصرام عوام کو بہتر خدمات  فراہم کرسکے  ؛ وزیراعظم عمران خان

23

اسلام آباد،5جنوری  (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شہروں کی ترقی کیلئے ایسی طویل المدت منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جس کے نتیجہ میں شہروں کا انتظام و انصرام عوام کو بہتر خدمات  فراہم کرسکے اور محاصل بھی ہو سکیں۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنی زیر صدارت لاہور شہر میں ٹریفک کا دبائو کم کرنے کیلئے سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں کے حوالہ سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لاہور شہر سے بہت محاصل جمع ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے اس سلسلہ میں شہر کی اہم زمینوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا جو اس وقت استعمال میں نہیں ہیں اور بیکار پڑی ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ شہر ان اہم مقامات کو عوامی مفاد کے منصوبوں کیلئے بروئے کار لا کر نہ صرف ان زمینوں سے استفادہ کیا جا سکتا ہے بلکہ اس سے حکومت کو کافی محاصل بھی حاصل ہو سکتے ہیں۔

 وزیراعظم نے تجویز دی کہ لاہور میں شہری منصوبوں کو سرکاری و نجی شعبہ کے اشتراک سے راوی اربن ڈویلپمنٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ منصوبوں کی طرز پر چلایا جائے۔

اجلاس کو پنجاب حکومت کے گلبرگ مین بولیورڈ تا ایم ٹو موٹروے ایلیویٹڈ ایکسپریس وے منصوبہ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ایلیویٹڈ ایکسپریس وے لاہور کے شہریوں اور مسافروں کو شرقی اور غربی روٹ فراہم کرے گا اور اس سے موجودہ سڑکوں پر ٹریفک کے دبائومیں کمی آئے گی۔

 اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے قبل ازیں اس منصوبہ کیلئے 5 ارب روپے خرچ کئے جبکہ منصوبہ کی کل لاگت کا تخمینہ 61 ارب روپے لگایا گیا ہے اور یہ 15 ماہ میں مکمل ہو گا۔ اس منصوبہ سے سفر کا دورانیہ 30 منٹ کم ہو گا اور روزانہ 73 ہزار گاڑیاں یہ روٹ استعمال کریں گی۔

 اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین، وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود، وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور وزیراعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے شرکت کی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، پنجاب کے صوبائی وزراءاور سینئر حکام ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

سورس:وی این ایس،اسلام آباد