بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی تشویشناک ہے ، سیّد فخر امام

31

اسلام آباد۔31جنوری  (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق سید فخر امام نے کہا ہے کہ بھارتی غیر قانونی مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی تشویشناک ہے۔وہ پیر کو یہاں اسلام آباد میں ہیومن رائٹس کونسل پاکستان کے زیر اہتمام حریت رہنمائوں مسرت عالم بھٹ،میر واعظ عمرفاروق،آسیہ اندرابی،یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، کی آزادی کی انتھک جدوجہد پر انہیں ایوارڈ دینے کے لئے منعقد کی گئی۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کامیاب سفارتکاری اور وزیر اعظم عمران خان کی متحرک پالیسی کی وجہ سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تین اجلاس ہوچکے ہیں اور دنیا نے اس صورتحال کی شدت کا اعتراف کرنا شروع کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ جیواکنامک،جیو پولیٹکل اورسفارتی پالیسیوں پر توجہ مرکوز کی جائے تاکہ عالمی برادری کی توجہ عالمی فورمز پر انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اورمسئلہ کشمیر پر مرکوز کرائی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے آپ کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریہ ہونے کا دعوےدار ہے اس کے برعکس وہ کشمیریوں کو ان کے بنیادی حق خودارادیت سے محروم رکھے ہوئے ہے اورایک  لاکھ اے زیادہ معصوم شہریوں کو شہید کیا گیاہے۔انہوں نے کشمیری خواتین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں بے مثال ہیں حق خودارادیت کے لئے ان کی جدوجہد اور قربانیاں کامران ہوں گی اور ان کی آزادی کی خواہش کی تکمیل ہوگی۔اس موقع پر چییرمین ہیومن رائٹس کونسل پاکستان جمشید حسین نے خطاب کرتے ہوئے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر روشنی ڈالی۔